ٹیم کی خاطر مصباح ریٹائرمنٹ کا نہ سوچیں رمیزراجہ

گرین شرٹس کیلیے نئے کپتان کے ساتھ آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کرنا آسان نہ ہوگا، سابق کپتان

مصباح نے کپتان کی حیثیت سے بلکہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں بھی ٹیم کو استحکام دیا ہوا ہے، زمیز راجہ۔ فوٹو : فائل

سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کیلیے کسی نئے کپتان کے ساتھ آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کرنا آسان نہ ہوگا،اس صورتحال میں مصباح الحق کو ٹیم کی خاطر ریٹائرمنٹ کے بارے میں فی الحال نہیں سوچنا چاہیے۔

رمیز راجہ نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ کرکٹ میں کسی کو ہمیشہ نہیں کھیلنا ہوتا، ہر کھلاڑی کو ایک نہ ایک دن ریٹائر ہونا ہے، پاکستانی ٹیم کو بھی مستقبل میں مصباح الحق کے بغیر آگے بڑھنا ہوگا، ٹیسٹ کپتان کوخود اچھی طرح اندازہ ہوگا کہ اس وقت وہ کہاں کھڑے ہیں، سیم بولنگ اور باؤنسی وکٹوں پر بیٹنگ کے اعتبار سے وہ کتنے پُراعتماد ہیں، وہ ان حالات میں کس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں کیونکہ انھیں انگلینڈ کے آئندہ سال کے دورے میں انہی کنڈیشنزکا سامنا کرنا پڑے گا۔


رمیزراجہ نے کہا کہ مصباح الحق کو میں یہی مشورہ دوں گاکہ وہ اپنی موجودہ فارم کو انگلینڈ کے دورے تک لے جاسکتے ہیں، انھوں نے نہ صرف کپتان کی حیثیت سے بلکہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں بھی ٹیم کو استحکام دیا ہوا ہے، اس لیے کیریئر جاری رکھنا چاہیے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کو مصباح الحق کی ابھی ضرورت ہے، البتہ کپتان اور یونس خان کے لیے انگلینڈ کی کنڈیشنز میں یو اے ای جیسی پرفارمنس دینا اتنا آسان نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کی موجودہ سائیڈ پچھلی ٹیم سے بہت مختلف ہے جو 2012 میں یہاں آئی تھی۔ اس کے پاس اچھے بیٹسمین ہیں لیکن اسپن بولنگ اب بھی کمزوری ہے۔ اگر اسے ایشیا میں اچھی کارکردگی دکھانی اور میچز جیتنے ہیں تو کئی اچھے سلو بولرز سامنے لانے ہوں گے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف موجودہ سیریز سے قبل کپتان مصباح الحق نے کہا تھا کہ انھوں نے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچنا شروع کردیا ہے۔ دوسری جانب چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے ان سے آئندہ برس دورئہ انگلینڈ تک کرکٹ کھیلتے رہنے کی درخواست کی ہے۔
Load Next Story