شارجہ ٹیسٹ سے قبل انگلش ٹیم بھی فٹنس مسائل میں الجھ گئی

ٹخنے کی انجری کے شکارمارک ووڈ باہر،پلنکٹ یا سمت پٹیل کو کھلانے کا امکان

شین وارن نے بھی عادل رشیدکوقیمتی مشورے دیئے۔ فوٹو: فائل

شارجہ ٹیسٹ سے قبل انگلش ٹیم بھی فٹنس مسائل میں الجھ گئی، ٹخنے کی انجری کا شکار فاسٹ بولر مارک ووڈ کو آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے آخری ٹیسٹ کیلیے مارک ووڈ کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 25 سالہ فاسٹ بولر نے دوسرے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کیں، بعد ازاں انھوں نے نویں وکٹ کے لئے عادل رشید کے ہمراہ مزاحمتی شراکت سے پاکستان کوطویل وقت کیلیے فتح سے دور رکھا تھا، ٹخنے کی انجری کے سبب انھیں شارجہ میں میدان سے باہر بیٹھنا پڑے گا، فٹنس مسائل کے مستقل حل کیلیے پیسر کو سرجری کی ضرورت ہوگی جس کی وجہ سے طویل عرصے کرکٹ سے باہر رہنے کا خدشہ بھی موجود ہے، مارک ووڈ کی جگہ فاسٹ بولر پلنکٹ کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔


آل راؤنڈر کرس جورڈن بھی امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں، شارجہ کی اسپنرز کے لیے سازگار وکٹ کو دیکھتے ہوئے انگلش ٹیم نے 3 سلو بولرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا تو سمت پٹیل کو بھی کھلایا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ مہمان ٹیم خراب فارم سے دوچار وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر کو ڈراپ کرتے ہوئے جیمز ٹیلر کو کھلانے کا فیصلہ پہلے ہی کر چکی، ان کی غیر موجودگی میں جونی بیرسٹو کو وکٹ کیپنگ کا اضافی بوجھ بھی اٹھانا پڑے گا۔

دریں اثنا سابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن انگلش اسپنرعادل رشید کی رہنمائی کیلیے نیٹ سیشن میں پہنچ گئے، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں بہترمعیار تک پہنچنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے، عادل کی بولنگ میں جادوئی جھلک نظرآئی ہے لیکن کارکردگی میں تسلسل بتدریج آئے گا۔
Load Next Story