عامرکی ٹیم میں واپسی وقار یونس جلد بازی کے مخالف

کم ازکم 2 ڈومیسٹک سیزنز کھیلنے کے بعد ہی زیر غور لانا چاہیے، قومی ہیڈ کوچ

کم ازکم 2 ڈومیسٹک سیزنز کھیلنے کے بعد ہی زیر غور لانا چاہیے،قومی ہیڈکوچ فوٹو: اے ایف پی/فائل

وقار یونس نے محمد عامر کی واپسی کے لئے جلد بازی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیسر اپنی سزا پوری کرچکے لیکن انھیں کم از کم 2 ڈومیسٹک سیزنز کھیلنے کے بعد ہی زیر غور لانا چاہیئے۔

تفصیلات کے مطابق ہیڈ کوچ وقار یونس فاسٹ بولر محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کے مخالف نہیں تاہم معاملے میں جلد بازی کو درست قرار نہیں دیتے، ایک ویب سائٹ کو انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ فاسٹ بولر اپنی سزا پوری کرچکے ہیں،بلاشبہ انھوں نے2010 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی وجہ سے ہمیں دکھ پہنچایا تھا لیکن اس کا خمیازہ بھی بھگت چکے ہیں، سلاخوں کے پیچھے بھی رہے، ایک مسلمان کے طور پر بھی ہمیں سزا پوری کرنے والے کو معاف کرنا اور آگے کی طرف دیکھنا چاہیے۔


مجھے بھی ان کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں لیکن قومی ٹیم میں واپسی کے لیے کسی جلد بازی کے حق میں نہیں ہوں، محمد عامر کو ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت کرنے دیں،کم از کم 2سیزنز سسٹم میں رہ کر پرفارم کرنے کا موقع فراہم کریں، پھر انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے زیر غور لانا مناسب ہوگا۔

یہ اس لیے بھی ضروری ہے کہ ملکی سطح پر انھیں بھروسہ جیتنا ہوگا، وقار یونس نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو سمجھنا چاہیے کہ اگرچہ یہ چھوٹی چیزیں لیکن بہت اہمیت کی حامل ہیں، لوگ انھیں فوری طور پر قومی ٹیم میں شامل کرنے کی باتیں کررہے ہیں،ایسا کرنا بہتر نہیں ہوگا، ہمیں اپنی ڈومیسٹک کرکٹ اورسسٹم کی قدر کرنا چاہیے۔
Load Next Story