جونیجو ٹاؤن میں پراسرار آتشزدگی سے120جھونپڑیاں خاکستر

ہندو واڑہ میں آگ صبح10بجکر24منٹ پر لگی تھی،خاتون معمولی جھلس گئی، فائر بریگیڈ نے20 افراد کو ریسکیو کیا

آگ سے قریبی واقع عمارت کے فلیٹ کا سامان بھی جزوی طور پر جل گیا، آتشزدگی کی وجہ معلوم نہ ہوسکی، فائر بریگیڈ ۔ فوٹو : ایکسپریس

محمود آباد کے علاقے جونیجو ٹاؤن میں کچی آبادی ہندو واڑہ میں پراسرار آتش زدگی کے نتیجے میں120 جھونپڑیاں اور اس میں رکھا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

آتش زدگی کے نتیجے میں ایک خاتون معمولی زخمی ہوئی ، فائر بریگیڈ کے عملے نے خواتین سمیت 20 افراد کو ریسکیو کر کے جھونپڑیوں سے بحفاظت نکال لیا ، تفصیلات کے مطابق محمود آباد کے علاقے منظور کالونی سے متصل جونیجو ٹاؤن سیکٹر6/J-1کچی آبادی ہندو واڑہ میں جمعرات کی صبح تقریباً10 بجکر24 منٹ پر جھونپڑیوں میں پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی ، اطلاع ملنے پر ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر پہنچ گئی تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید5 فائر ٹینڈر موقع پر طلب کر لیے جبکہ ڈپٹی چیف فائر آفیسر امتیاز افضل اور منظور کالونی کے اسٹیشن فائر آفیسر ابرار بھی موقع پر پہنچ گئے اور اپنی نگرانی میں آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا ۔


ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کے عملے نے جھونپڑیوں میں پھنسے ہوئے بابو ، مکھیا شام ، گنگا ، لکشمی ، ہری موہن ، لالہ اور رام دیوی سمیت 20 افراد کو ریسکیو کر کے بحفاظت نکال لیا ، آتش زدگی کے باعث جھونپڑیوں میں سوئی ہوئی خواتین ، بچے اور دیگر افراد خوف زدہ ہوکر چیخیں مارتے ہوئے جان بچانے کیلیے جھگیوں سے باہر نکل آئے، آتش زدگی کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔

ایک خاتون رام پیاری جھلس کر معمولی زخمی ہو گئی،فائر بریگیڈ ترجمان کے مطابق عملے نے تقریباً8 گھنٹے کی جدو جہد کے بعد تقریبا 6 بجکر 15 منٹ پر آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا، آتش زدگی کے نتیجے میں ہندو واڑہ کی تمام 120 جھونپڑیاں اور اس میں رکھا سامان مکمل پر جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ جھونپڑیوں میں لگنے والی آگ نے سامنے پلاٹ نمبر R/9 پر واقع عمارت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جس کے نتیجے میں پہلی منزل کے فلیٹ کا سامان بھی جزوی طور پر جل گیا جبکہ عمارت کے نیچے کھڑی کار نمبر ACR-8971 کو بھی جزوی نقصان پہنچا ، بلوچ کالونی تھانے کے ہیڈ محرر ارشد کا کہنا ہے کہ مذکورہ پلاٹ 2 ہزار گز سے زائد بڑا ہے جہاں ہندو کئی سال سے آباد ہیں۔

آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے تمام جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، جھونپڑی میں موجود گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ تیزی سے پھیل گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہی تمام جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، فائر بریگیڈ ترجمان کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ آگ لگی نہیں بلکہ لگائی گئی ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں ، آگ لگانے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائیگا، وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ۔
Load Next Story