وفاقی وزیر تجارت نے 3روزہ انٹیریئر پاکستان نمائش کا افتتاح کردیا

ٹی ڈیپ فرنیچرسیکٹر کو لاجسٹک اور مارکیٹنگ کی سہولتیں فراہم کرے گی،خرم دستگیر

ٹی ڈیپ فرنیچرسیکٹر کو لاجسٹک اور مارکیٹنگ کی سہولتیں فراہم کرے گی،خرم دستگیر۔ فوٹو : اے پی پی

ISLAMABAD:
وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیرخان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تجارتی اساس میں وسعت کے لیے کوشاں ہیں، ٹیکسٹائل، لیدر، زرعی اجناس اور سیمنٹ کے ساتھ مزید شعبوں جیمز اینڈ جیولری، فرنیچر، لائٹ انجینئرنگ، سروسز اور دیگرابھرتے ہوئے سیکٹرز کی برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ان سیکٹرز کی بیرون ملک نمائشوں میں شمولیت بڑھانے کے لیے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پاکستان فرنیچر کونسل کے زیراہتمام 3روزہ انٹیریئر پاکستان نمائش کے افتتاح اور اس کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ پاکستانی برآمدات میں نئی مصنوعات کی شمولیت نئی ٹریڈ پالیسی کا اہم ستون ہے جس کے لیے متعدد مراعات کا اعلان کیا جائے گا، پاکستانی فرنیچر انتہائی پائیدار ہے جس میں مقامی ثقافت کا رنگ نمایاں ہے، اس میں جدت کے ذریعے بیرون ملک طلب میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، اس سلسلے میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان بین الاقوامی نمائشوں میں فرنیچر اور دوسرے ابھرتے ہوئے تجارتی شعبوں کو لاجسٹک اور مارکیٹنگ کی سہولتیں فراہم کرے گی۔


اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ فرنیچر کونسل نے اپنے ورکرز کی تربیت اور ٹیکنالوجی کیلیے تعاون مانگا تو انہیں ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائیگا، فرنیچر کونسل دوسرے شعبوں کی طرح حکومتی مراعات سے پورا فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ نمائش میں پاکستان کی 30 کمپنیوں کا تیار شدہ فرنیچر پیش کیا گیا، ایونٹ میں اٹلی، اسپین، امریکا، ملائیشیا، ارجنٹائن، سعودی عرب، دبئی، قطر، فرانس، مالدیپ، ہالینڈ سمیت 30 ملکوں کے سفیروں نے شرکت کی۔

غیرملکی سفیروں نے نمائش میں رکھے گئے پاکستانی فرنیچر کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے، غیرملکی سرمایہ کاروں کو مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ڈچ سفیر جینٹ سیپن نے کہا کہ پاکستان کے فرنیچر ساز اس نمائش کے ذریعے اپنی فرنیچرمصنوعات بیرون ملک متعارف کرا سکتے ہیں۔ مالدیپ کے سفیر احمد سلیم نے کہا کہ پاکستانی فرنیچر عمدہ ہوتا ہے، اس نمائش سے بیرون ملک نیا شعبہ متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔ ارجنٹائن کے سفیر روڈیلفو جے مارٹن سراویا نے کہا کہ اس قسم کی نمائشوں سے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
Load Next Story