پاک چین دوستی بہترین سفارت کاری کی مثال

پاک چین دوستی کی مثال سمندر کی گہرائی اور ہمالیہ کی بلندی سے تشبیہہ دی جاتی ہے۔

امید کی جاتی ہے کہ پاک چین تعلقات یونہی مضبوطی سے استوار رہیں گے اور دوستانہ تعلقات کی عظیم مثال قائم کریں گے۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD:
پاک چین دوستی کی مثال سمندر کی گہرائی اور ہمالیہ کی بلندی سے تشبیہہ دی جاتی ہے۔ بلاشبہ چین ہر آڑے وقت میں پاکستان کے کام آیا ہے اور پاکستان نے بھی چینی بھائیوں کے لیے خلوص کی کبھی کمی نہیں رکھی، پاک دوستی کے معترف چین فوج کے جنرل بھی ہیں جو ان دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔ جمعرات کو عوامی جمہوریہ چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل فان چینگ لونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

بعد ازاں چینی جنرل کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جمعرات کو جی ایچ کیو کا دورہ بھی کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 11سال بعد چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔ پاکستان اور چین نے اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل اور اس کے تحفظ کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے جب کہ چینی فوج کے جنرل نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے بہترین دوست، فولادی تعلق والے بھائی اور سٹرٹیجک پارٹنرز ہیں، چین انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے عزم اور استقامت کا معترف ہے اور مختلف شعبوں میں کامیاب آپریشنز کو سراہتا ہے۔


چین کے خلاف برسرپیکار انتہاپسند تنظیم ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ (ای ٹی آئی ایم) کے خلاف پاکستانی فوج کی کوششوں کو چین قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعظم پاکستان کا یہ کہنا صائب ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے اور دونوں ممالک کے درمیان عصر حاضر کی دنیا میں بے مثال تعلقات استوار ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزمودہ دوستی باہمی مضبوط اعتماد، تعاون اور علاقائی اور عالمی امور پر یکساں خیالات پر مبنی ہے۔

جنرل راحیل شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین قریبی دوست ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اورتعاون پر مبنی اور وقت کی تمام آزمائشوں پر پورے اترنے والے تعلقات قائم ہیں، آنے والے وقت میں ان تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔ جنرل فان چینگ لونگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہاپسندی کی لعنت سے نمٹنے کے بارے میں مشترکہ موقف رکھتے ہیں۔

واضح رہے پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے جو دونوں ممالک کے لیے یکساں اہمیت اور فوائد کا حامل ہے، دونوں ممالک اس منصوبے پر کام جاری رکھنے اور اس کی کامیابی کے لیے کوشاں رہنے کے عزم پر قائم ہیں۔ امید کی جاتی ہے کہ پاک چین تعلقات یونہی مضبوطی سے استوار رہیں گے اور دوستانہ تعلقات کی عظیم مثال قائم کریں گے۔
Load Next Story