جونیئر ایشیا کپ پاکستان نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

محمد دلبر نے 3 اور ابوبکر نے 2 گول کیے، گرین شرٹس کا کل کوارٹر فائنل میں چین سے مقابلہ ہوگا

محمد دلبر نے 3 اور ابوبکر نے 2 گول کیے، گرین شرٹس کا کل کوارٹر فائنل میں چین سے مقابلہ ہوگا: فوٹو: فائل

جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں پاکستان نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرلی، گرین شرٹس نے آخری لیگ میچ میں اومان کو یکطرفہ مقابلے میں7-1 سے زیر کیا، نائب کپتان محمد دلبر نے3 بار گیند کو جال میں پہنچایا، محمد ابوبکر2جبکہ محمد عتیق اور محمد بلال قادر ایک، ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔

منگل کو ایشیا کپ کے دیگر میچزمیں بنگلہ دیش نے کوریا کو 2-0 سے اپ سیٹ شکست دی، بھارت نے چین کو4-1سے قابو کیا، جاپان اور ملائیشیا کا مقابلہ2-2سے برابر رہا۔ تفصیلات کے مطابق آٹھویں جونیئر ایشیا کپ کے پہلے رائونڈ کا اختتام ہو گیا،گروپ میں ٹاپ پوزیشن کیساتھ ناک آئوٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنے والی قومی ٹیم جمعرات کو کوارٹر فائنل میں چین کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیگی۔

پاکستان تینوں میچز جیت کر اپنے گروپ میں سرفہرست رہا، گرین شرٹس نے تینوں میچوں میں مجموعی طور پر13 گول کیے جبکہ اس کیخلاف صرف2 کوششیں کامیاب ہوئیں،ٹیم نے ابتدائی مقابلے میں بنگلہ دیش کو3-1 سے شکست دینے کے بعد دوسرے میچ میں مضبوط حریف کوریا کو 3-0 سے زیر کیا،گذشتہ روز کے مقابلے میں پاکستان نے اومان کو ایک کے مقابلے میں7 گول سے ہرا کرناقابل شکست رہنے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔


ملائیشیا کے شہر کوآئنٹن سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان نے تیسرے ہی منٹ میں محمد دلبر کے گول سے سبقت حاصل کر لی، صرف 2 منٹ بعد ہی الشطاری شافی نے فیلڈ گول کر کے مقابلہ1-1 سے برابر کر دیا۔ 8ویں منٹ میں پاکستانی ٹیم پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی، اس بار محمد ابوبکر نے بغیر کوئی غلطی کیے گیند کو جال میں پہنچا کر اسکور2-1کر دیا۔ 15 ویں منٹ میں گرین شرٹس نے عمدہ موو بنائی اور محمد بلال قادر کے فیلڈ گول سے برتری حاصل کرلی۔

28ویں منٹ میں ابوبکر نے پنالٹی کارنر پرگول کردیا، یہ ٹیم کا چوتھا اور ان کا دوسرا گول تھا، پہلا ہاف ختم ہونے کے صرف ایک منٹ قبل محمد عتیق نے فیلڈ گول سے مقابلہ5-1 کر دیا۔ دوسرے ہاف میں اومان نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور پاکستانی کھلاڑیوں کو گول کرنے کے زیادہ مواقع فراہم نہ کیے، آخری 10 منٹ میں نائب کپتان محمد دلبر نے عمدہ کھیل پیش کیا اور مزید 2 گول کر کے اسکور7-1 کردیا، دلبر نے انفرادی طور پر دوسرا اور مجموعی طور پر چھٹا گول کھیل کے62ویں منٹ میں کیا،اختتام سے صرف 5 منٹ قبل محمد دلبر نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پھینک کر گولز کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کی۔

دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے مضبوط حریف کوریا کو یکطرفہ مقابلے میں 2-0 سے ہرا کر اپ سیٹ کردیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر فاتح ٹیم کو1-0 کی برتری حاصل تھی، محمد حسین سرور اور حسین ملن نے ایک ایک بار گیند کو جال کے اندر پھینکا۔ تیسرے میچ میں بھارت نے چین کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے زیر کیا، پہلے ہاف کے اختتام تک اسکور1-0 رہا، بھارت کی طرف سے منپریت نے 2 بار گیند کو جال کا راستہ دکھایاجبکہ ہرمنپریت سنگھ اور اجیت پانڈے نے ایک ایک گول کیا، چین کا واحد گول گو ہیفنگ نے بنایا۔

جاپان اور ملائیشیا کا میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔پہلے ہاف میں ملائیشیا کو ایک گول کی برتری حاصل تھی، رحمن ازوار اور سیمسول محمد حاذق نے ایک ایک گول کیا جبکہ جاپان کی طرف سے میو تانیمٹسو اور یامادا شوطا نے ایک ایک بار گیند کو جال کے اندر پھینکا۔جونیئر ایشیا کپ کے کوارٹر فائنلز جمعرات کو ہونگے، پاکستانی ٹیم چین کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیگی،فتح کی صورت میں وہ آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائیگی۔ دوسرا میچ بھارت اور اومان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا، تیسرے کوارٹر فائنل میں ملائیشیا کا مقابلہ بنگلہ دیش کیساتھ ہوگا جبکہ چوتھے مقابلے میں کوریا کی ٹیم جاپان کیخلاف میدان میں اترے گی۔
Load Next Story