اداکاری میں قدم رکھنے کے باوجود فیشن انڈسٹری نہیں چھوڑوں گی آمنہ الیاس

فلم اورٹی وی میں ایکٹنگ کے ساتھ ساتھ تکنیکی شعبوں سے وابستہ لوگ تعلیم کے زیور سے مالامال ہیں، آمنہ الیاس

پاکستان میں فنون لطیفہ کے تمام شعبے بہتر ہورہے ہیں اورآنے والے دنوں میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستانیوں کا شمار صف اول میں ہوگا، آمنہ الیاس۔ فوٹو : فائل

اداکارہ اورسپرماڈل آمنہ الیاس نے کہا ہے کہ اداکاری کے شعبے میں کام کرنے کے بعد فیشن انڈسٹری کو چھوڑنا ممکن نہیں۔ مجھے فیشن انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے پہچان ملی اوراسی کی بدولت فلم اورٹی وی ڈراموں میں کام کرنے کا موقع بھی ملا ۔ اس لیے میں ایکٹنگ اورماڈلنگ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھاتی رہوں گی اورآنیوالے دنوں میں میرے چاہنے والے مجھے منفرداندازمیں دیکھیں گے۔

ان خیالات کااظہار آمنہ الیاس نے ''ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت فیشن ، فلم اورٹی وی کے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگ کام کررہے ہیں۔ ریمپ پرواک ، فلم اورٹی وی میں ایکٹنگ کے ساتھ ساتھ تکنیکی شعبوں سے وابستہ لوگ تعلیم کے زیور سے مالامال ہیں، اسی لیے اب پاکستان میں فنون لطیفہ کے تمام شعبوں کا معیار بہتر ہورہا ہے۔ فیشن ویک ہوں یا پاکستانی فلموں کے پریمیئرلوگوں کا مثبت رسپانس اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ نوجوان نسل اب شوبز کو پسند کررہی ہے اوراس کو بطور پروفیشن اپنانے میں آگے آرہی ہے۔


دوسری جانب فیملیز کی جانب سے بھی اب تنگ نظری کے بجائے نوجوانوںکو سپورٹ مل رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں شوبز انڈسٹری ایک نیا جنم لے رہی ہے۔ ٹی وی پروڈکشن، فلم میکنگ اورفیشن سمیت دیگرشعبوں میں جدت کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل معیار کا کام کیا جارہا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں بننے والی فلموں نے جہاں پاکستانی سینما کو بھرپور سپورٹ کیا ہے، وہیں پاکستانی ڈرامہ نے بھارت میں اپنی ایک الگ جگہ بنائی ہے۔

اسی طرح فیشن انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ڈیزائنرز اب ہالی وڈ اداکاراؤں کے ملبوسات ڈیزائن کررہے ہیں۔ جس سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان میں فنون لطیفہ کے تمام شعبے بہتر ہورہے ہیں اورآنے والے دنوں میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستانیوں کا شمار صف اول میں ہوگا۔

 
Load Next Story