عید الاضحی کی آمد منافع خوروں نے ہرے مصالحے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

عیدپرپکوانوں کی تیاری میںٹماٹر،پیازادرک لہسن،دھنیا، پودینا،لیموں کااستعمال اورسلاد کیلیےکھیرا،مولی کی طلب بڑھ جاتی ہے

ہرے مصالحے کی قیمت میں اضافہ منافع خوروں کی روایت ہے،منڈی کے مقابلے میں عام بازاروںمیںسبزیوں کی دگنی قیمت پر فروخت۔ فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس

عیدالاضحی کی آمد سے قبل ہی منافع خوروں نے ہرے مصالحے، ٹماٹر، پیاز ادرک لہسن، دھنیا، پودینا اور لیموں کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔


عید پر قربانی کے گوشت سے پکوانوں کی تیاری میں ان لوازمات کا کثرت سے استعمال ہوتا ہے اس کے ساتھ سلاد کی شکل میں کھیرا، مولی سلاد کے پتوں کی طلب بھی بڑھ جاتی ہے عید سے قبل ان لوازمات کی قیمت میں اضافہ منافع خوروں کی روایت بن چکی ہے تاہم حکومت کی جانب سے پرائس کنٹرول اور انسداد مہنگائی کے لیے کوئی قدم نہ اٹھائے جانے سے منافع خوروں کے عزائم کو تقویت مل رہی ہے۔

سبزی منڈی کے مقابلے میں عام بازاروں اور رہائشی علاقوں میں سبزی فروش 100فیصد زائد قیمت پر سبزیاں فروخت کررہے ہیں بالخصوص ہرے مصالحے دھنیا پودینہ، لیموں، ٹماٹر، ادرک لہسن اور پیاز کی من مانی قیمت پر فروخت جاری ہے، سبزی منڈی مارکیٹ کمیٹی کے مطابق منڈی میں بڑی پیاز 32 روپے کلو، چھوٹی پیاز 27 روپے کلو آلو 12سے 15روپے کلو، ٹماٹر 45 سے 50 روپے کلو، کھیرا 70روپے کلو، لہسن 65 سے 70روپے کلو، شملہ مرچ 50 روپے کلو، ملیر کی سبز مرچ 25 روپے کلو، توری50 روپے کلو، کریلا 35 سے 40 روپے کلو، پالک 15روپے کلو، دھنیا، پودینہ کی گڈی 4 سے 5روپے، لیموں درجہ اول 160روپے کلو بھنڈی 40 سے 50 روپے کلو مولی 12روپے کلو، گاجر 30 روپے کلو ٹنڈے 40 کلو شلجم 25روپے اور چقندر 40 روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے تاہم شہر کے بازاروں اور دکانوں پر پیاز 45 سے 50 روپے کلو، ٹماٹر 60 سے 70روپے کلو، لہسن 160سے 180روپے کلو، ادرک 120سے 140روپے کلو دھنیے پودینے کی گڈی 10روپے فی عدد، لیموں 200 روپے کلو فروخت کیے جارہے ہیں۔
Load Next Story