پاکستانی لیگ میں بھارتی پلیئرز کی شرکت کا عندیہ

بی سی سی آئی کی جانب سے پاکستان کو اپنے دام میں الجھانے کا نیا شوشہ

پی سی بی درخواست کرے تو کھلاڑیوں کواجازت دینے پرغورکرسکتے ہیں، شکلا فوٹو : فائل

لاہور:
بھارت نے اپنے پلیئرز کی پاکستانی لیگ میں شرکت کے خواب دکھادیے، انڈین پریمیئر لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا کہتے ہیں کہ اگر پی سی بی کی جانب سے باقاعدہ درخواست کی جائے تو ہم اپنے کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کھیلنے کی اجازت دینے پرغورکرسکتے ہیں، ابھی تک ہم سے اس بارے میں کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی سی بی کو اپنے دام میں الجھانے کیلیے آئے روز نت نئی چیزیں سامنے لائی جارہی ہیں، اب اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کی اجازت دینے کا بھی عندیہ دے دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کی پالیسی ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو کسی بھی دوسرے ملک میں ٹوئنٹی 20 لیگ کھیلنے کی اجازت نہیں دیتامگر آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا نے اس حوالے سے بھی بورڈ کو نئے خواب دیکھانا شروع کردیے ہیں۔


، وہ کہتے ہیں کہ ابھی تک پاکستانی بورڈ کی جانب سے ہم سے سپر لیگ میں اپنے کھلاڑی بھیجنے کی کوئی درخواست نہیں کی گئی لیکن اگر وہ اس موضوع پر ہم سے رابطہ کرتے اور باضابطہ درخواست بھیجتے ہیں تو ہم ضرور اس پر غور کریں گے۔ یاد رہے کہ پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ اپنی لیگ میں چند بھارتی کرکٹرز کی شمولیت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن 4 فروری سے شارجہ اور دبئی میں شیڈول ہے۔

شکلا نے ایک بار پھر پاکستان پر زور دیا کہ وہ ہوم سیریز کے اپنے ملک میں انعقاد کیلیے کوششیں کرے، ہم بھی پاکستان میں کھیلنا چاہتے ہیں لیکن اس کیلیے وہاں پر ایک محفوظ وینیو کا ہونا، سیکیورٹی کی ٹھوس یقین دہانی اور آئی سی سی کی منظوری ضروری ہے۔
Load Next Story