بولنگ کوچ نے خراب فیلڈنگ اور فٹنس کی کمی کا رونا رو دیا

انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹی 20 میں شکست پر روایتی باتیں، بہتری لانے کا عزم

انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹی 20 میں شکست پر روایتی باتیں، بہتری لانے کا عزم۔ فوٹو : فائل

پاکستانی بولنگ کوچ مشتاق احمد نے انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں شکست کا سبب خراب فیلڈنگ اور فٹنس کی کمی کو قراردیدیا۔

میچ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کو آئندہ برس بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل بہتری کی اشد ضرورت ہے، پاکستانی ٹیم گذشتہ دنوں دلچسپ مقابلے کے بعد 3رنز سے ہارگئی تھی، جسمیں کئی پلیئرز نے انگلش بیٹسمینوں کے کیچز ڈراپ کیے تھے۔


ماضی کے مایہ ناز لیگ اسپنر مشتاق احمد نے مزید کہا کہ فٹنس اور بہترین فیلڈنگ جدید کرکٹ کی لازمی ضروریات ہیں۔ اس معاملے میں پاکستانی ٹیم کو بہتری لانے کی ضرورت ہے، ہم سیریز سے قبل آئی سی سی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر تھے کیونکہ ہمارے پاس اس معیار کے پلیئرز ہیں لیکن جب ہمیں فٹنس اور فیلڈنگ میں کمی کا سامنا ہے، اگر ہم جائزہ لیں تو جدید کرکٹ فٹنس کا ہی گیم ہے، ٹیم مینجمنٹ اس کی ذمے داری لیتی ہے۔

ہمیں حقیقت کا ادراک کرتے ہوئے ان دونوں شعبوں میں بہتری لانا ہوگی، اگر پلیئر باصلاحیت تو ہے لیکن فٹ نہیں ہے تو یہ پریشان کن بات ہے، اگر پلیئر دو مرتبہ ڈبل رنز بنانے کے بعد ایک خراب گیند پر چوکا نہیں لگاپارہا تو یہ مسئلہ ہے، انگلش ٹیم سیریز میں کلین سوئپ کرنے پر تیسری پوزیشن کی حقدار بن سکتی ہے ، مشتاق نے مزید کہا کہ ہم پلیئرز کو اس حوالے سے مکمل معلومات دے رہے ہیں، لیکن یہ ہمارے سسٹم میں بھی ہونا چاہیے، ہمیں اس جانب بھی دیکھنا ہوگا، ہم اپنی کوشش کرتے ہوئے جلد پاکستانی ٹیم کو ان دونوں شعبوں میں بہتر بناناکی کوشش کریں گے۔
Load Next Story