بھارت سے سیریز پی سی بی نے امید کا دامن نہیں چھوڑا

آنے والی اطلاعات مفروضوں پر مبنی ہیں، بی سی سی آئی کے اعلان کا انتظار ہے، پی سی بی ذرائع

آنے والی اطلاعات مفروضوں پر مبنی ہیں، بی سی سی آئی کے اعلان کا انتظار ہے، ذرائع۔ فوٹو: فائل

پاک بھارت سیریز کے حوالے سے پی سی بی کی امیدیں برقرار ہیں،ایک بورڈ عہدیدار کا کہنا ہے کہ ابھی تک سامنے آنے والی منفی اطلاعات مفروضوں پر مبنی ہیں، کسی ردعمل کا اظہار کرنے کے بجائے بی سی سی آئی کی جانب سے باضابطہ اعلان کا انتظار کرینگے۔


تفصیلات کے مطابق دبئی میں دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز سربراہان کی ملاقات میں پاک بھارت سیریزسری لنکا میں منعقد کرانے پر اتفاق کرتے ہوئے حتمی فیصلہ حکومتوں کی اجازت سے مشروط کیا گیا تھا، پاکستان کی جانب سے باضابطہ اعلان بھی کردیا گیا، دوسری جانب بھارتی حکومت کی جانب سے تاخیر سیریز پر چھائے مایوسی کے بادل مزید گہرے کرتی جارہی ہے، انتہاپسند تنظیم شیوسینا اور پڑوسی ملک کا میڈیا میں بعض حلقے بھی باہمی مقابلوں کیخلاف مسلسل پراپیگنڈا کررہے ہیں، اس صورتحال میں بھی پی سی بی نے سیریز کے انعقاد کیلیے امید کا دامن نہیں چھوڑا،''ایکسپریس ٹریبیون'' کی رپورٹ کے مطابق بورڈ کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ دبئی میں بورڈ سربراہان کی ملاقات بڑی حوصلہ افزا تھی جس کے بعد پر اعتماد ہیں کہ باہمی مقابلے ہونگے، ہماری حکومت نے پہل کرتے ہوئے اجازت دیدی ہے۔

امید ہے کہ بھارت سے بھی مثبت جواب آئیگا، بھارتی میڈیا میں کچھ حلقے ہمیشہ سے کرکٹ تعلقات کے مخالف رہے ہیں، مفروضوں پرکسی ردعمل کا اظہار کرنے کے بجائے بی سی سی آئی کی جانب سے باضابطہ کسی اطلاع کا انتظار کرینگے،انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی چند گھنٹوں میں حالات تبدیل ہوتے دیکھے ہیں، پاک بھارت سیریز کے حوالے سے بھی آخردم تک حتمی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی سے ہدایات لینے کے بعد بی سی سی آئی کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔
Load Next Story