سیریز کی حمایت پر سیکریٹری بی سی سی آئی زیر عتاب

جنونی ہندوخاصے برہم، سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے خوب دل کی بھڑاس نکالی

اگر باہمی سیریز نہ ہوئی تو پاکستانی بورڈ بھارتی سرزمین پر شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی 20کا بائیکاٹ کرسکتا ہے، میڈیا کا دعویٰ فوٹو:اےایف پی/فائل

پاک بھارت سیریز کی حمایت پر بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر زیر عتاب آگئے، جنونی ہندو سوشل میڈیا پر تنقید کے نشتر چلاتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری اور بھارتی جنتا پارٹی کے رہنما انوراگ ٹھاکر نے ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ باہمی سیریز شروع کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت عملی سطح پر براہ راست تعلقات کا آغاز کریں، ہمیں سفارتی سطح پر یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ کیا کریں، اگر ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات اور بات چیت بحال کرتے ہیں تو ہم کرکٹ کے ساتھ دہشت گردی اور تجارت سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کر سکتے ہیں لیکن اگر ایسا نہیں کرتے تو ہم کسی اور کو یہ موقع فراہم کر دیں گے۔


اس بیان پر بھارت میں موجود جنونی ہندو خاصے برہم ہوئے اور سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے خوب بھڑاس نکالی، ایک شخص نے کہا کہ انوراگ ٹھاکر کو شرم آنی چاہیے،ایک پیغام میں تھا کہ ذاتی مفادات کیلیے قوم کے جذبات سے نہ کھیلو۔ دوسری جانب انوراگ ٹھاکر نے بھی اپنے رد عمل کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی گفتگو سفارتی اور پاکستان سے کھیلوں کے تعلقات برقرار یا ختم کرنے کے فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہونی چاہیے۔

انھوں نے تسلیم کیا کہ حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا کے ذریعے دباؤ پیدا کیا گیا، اس سے ایسا ماحول تشکیل دینے کی کوشش ہوئی کہ موجودہ حالات پاکستان سے سیریز کیلیے موزوں نہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب پاکستان کی بات آئے تو فیصلہ کرنا آسان نہیں ہوتا، 5 سال قبل سوشل میڈیا کا کوئی کردار نہیں تھا لیکن آج کل اس کے ذریعے ردعمل کا اظہار کیا جاتا ہے،مگر اس سے ہرگز یہ تصور نہیں کرنا چاہیے کہ پورا ملک ایسا ہی سوچتا ہے، کبھی کبھی ہم صرف سوشل میڈیا کی مناسبت سے نہیں چلتے بلکہ ہمیں ملکی مفادات کا سوچنا پڑتا ہے۔
Load Next Story