کرکٹ آسٹریلیا میں انقلابی تبدیلیوں کا آغاز ہوگیا

مردوںکی حکمرانی کے 100سالہ دورمیں پہلی مرتبہ خاتون ڈائریکٹرکامتفقہ طور پر انتخاب

بورڈکوگذشتہ مالی سال ریکارڈ آمدنی، سرپلس رقم تمام 6 ایسوسی ایشن میں تقسیم ہوگی. فوٹو: فائل

کرکٹ آسٹریلیا میں انقلابی تبدیلیوں کا آغاز ہوگیا، بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ میں تین غیرجانبدار ڈائریکٹرز کا تقرر کردیا گیا جن میں جیکی ہے، ڈیوڈ پیویر اور کیون روبرٹس شامل ہیں۔


اس کے ساتھ انتظامیہ قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے 14 رکنی بورڈ آف ڈائریکٹرز کو 9 تک محدود کردیا گیا،اس میں تین غیرجانبدار ڈائریکٹرز کے ساتھ ہر اسٹیٹ ایسوسی ایشن کا ایک ایک نمائندہ موجود ہوگا، تمام ممبرز نے 2017 تک کرکٹ آسٹریلیا میں تمام 9 غیرجانبدار ڈائریکٹرز مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ بورڈ چیئرمین ویلی ایڈورڈز نے اس حوالے سے کہاکہ یہ آسٹریلوی کرکٹ کیلیے ایک تاریخ دن ہے، تمام ایسوسی ایشنز کے تعاون کے بغیر ایسا ممکن نہیں تھا، انھوں نے واضح کیا کہ آن دی فیلڈ کامیابیاں اس وقت تک ممکن نہیں جب تک آپ کا آف دی فیلڈ گیم منظم نہ ہو۔

دریں اثناکرکٹ آسٹریلیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون جیکی ہے کو بورڈ کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا، سی اے پر مردوں کی حکمرانی کے100 سالہ دور میں پہلی مرتبہ خاتون ڈائریکٹر کا انتخاب متفقہ طور پر ہوا، جیکی ہے غیرجانبدار ریویو کی سفارشات پر بورڈ میں شامل ہونے والے تین غیرجانبدار ڈائریکٹرز میں سے ایک ہیں، وہ پروفیشنل کے اعتبار سے ایک بینکار ہیں۔ علاوہ ازیں کرکٹ آسٹریلیا کو گذشتہ مالی سال کے دوران بھارت سے ہوم سیریز کے باعث ریکارڈ آمدنی ہوئی جس کی بدولت 45.6 ملین ڈالر سرپلس کو تمام 6 اسٹیٹ ایسوسی ایشن میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے تحت ہر اسٹیٹ کو اب 12 فیصد اضافے کے ساتھ 63.2 ملین کے بجائے70.5 ملین ڈالر دیے جائیں گے۔
Load Next Story