ایکسپریس سرگودھا کے دفتر پر کریکر حملہ

حکومت کے لیے یہ ایک چیلنج ہے کہ وہ ایکسپریس سرگودھا کے دفتر پر کریکر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کرے

اصل مسئلہ یہی ہے کہ اب تک میڈیا کے دفاتر پر ہونے والے حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو نہ تو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی کو سزا ہوئی ہے، فوٹو : ایکسپریس

ایکسپریس سرگودھا کے دفتر پر گزشتہ روز نا معلوم موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے کریکر حملہ کیا اور فرار ہو گئے' اس حملے سے ایک گارڈ زخمی ہوا اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ ملک بھر میں صحافی تنظیموں نے اس پر احتجاجی مظاہرے کیے ہیں اور دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


اطلاعات کے مطابق شام سوا پانچ بجے کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو دہشت گرد یونیورسٹی روڈ پر واقع ایکسپریس آفس آئے اور بند گیٹ کے اوپر سے کریکر پھینک دیا۔ جس کے دھماکے سے علاقہ گونج اٹھا۔دھماکے سے دفتر کے دروازے بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں' میڈیا کے دفاتر پر حملہ کرنا مہذب سوسائٹی اور حکومت کے لیے ناقابل برداشت ہونا چاہیے۔ اصل مسئلہ یہی ہے کہ اب تک میڈیا کے دفاتر پر ہونے والے حملوں میں ملوث دہشت گردوں کو نہ تو گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی کو سزا ہوئی ہے' ان دہشت گردوں کے سہولت کار اور سرپرست بھی بے نقاب نہ ہو سکے۔

حکومت کے لیے یہ ایک چیلنج ہے کہ وہ ایکسپریس سرگودھا کے دفتر پر کریکر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتار کرے اور انھیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ ایکسپریس کے دفاتر پر اس سے پہلے بھی حملے ہو چکے ہیں۔اگر پہلے حملوں کے ذمے دار دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا جاتا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوتی تو ایکسپریس سرگودھا کے دفتر پر حملہ کرنے کی کسی کو جرات نہ ہوتی ۔ان حملوں کا مقصد آزادی اظہار رائے کو دبانا اور عوام تک پہنچنے والے سچ کو روکنا ہے۔ حکومت کو اس معاملے کی تہہ تک پہنچنا چاہیے۔
Load Next Story