ورلڈٹی20 میں پاکستان سخت حریف کی روایت برقراررکھے گا اظہرعلی

بھارت کیخلاف فتح کیلیے جنون کام آتا ہے،سیریزہوئی توسرخرو ہوں گے، ون ڈے قائد

بھارت کیخلاف فتح کیلیے جنون کام آتا ہے،سیریزہوئی توسرخرو ہوں گے،ون ڈے قائد فوٹو: آن لائن

لاہور:
ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان سخت حریف ہونے کی روایت برقرار رکھے گا، مختصر طرز کے میگا ایونٹ میں شرکت کا موقع ملا تو کسی کی بھی قیادت میں کھیلنے کو تیار ہوں۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں عاشق حسین قریشی ویٹرنز کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اظہرعلی نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی شکست کا بڑا سبب انجریز تھیں، بعض کھلاڑی آؤٹ آف فارم بھی تھے۔ انھوں نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم کو مضبوط بننے میں تھوڑا وقت لگے گا ، ہمیں جیت کے لیے بیٹنگ اور بولنگ کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔


انگلینڈ کیخلاف سیریز میں ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں تھی لیکن بھارت سے مقابلوں کا معیار کچھ اور ہی ہے،وہاں جیت کے لیے جنون زیادہ کام آتا ہے ، سیریز ہمیشہ سے ہی سنسنی خیز رہی ہے، اگر اس بار بھی میچز ہوئے توشائقین کرکٹ کو کاٹنے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کارکردگی دکھائے گی،کسی صورت ترنوالہ ثابت نہ ہوتے ہوئے سخت حریف ہونے کی روایت کو برقرار رکھنا چاہیے۔واضح رہے اظہر علی کی قیادت میں پاکستان ون ڈے ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں1-3 سے شکست ہوئی تھی ۔
Load Next Story