سندھ حکومت کیخلاف گرینڈ اپوزیشن الائنس بنانے کا فیصلہ

سیاسی جماعتوں کے درمیان مختلف معاملات پر ہم آہنگی، مفاہمت ہوتی رہتی ہے اور سیاسی اتحاد بھی بنتے رہتے ہیں

سیاسی جماعتوں کے درمیان مختلف معاملات پر ہم آہنگی، مفاہمت ہوتی رہتی ہے اور سیاسی اتحاد بھی بنتے رہتے ہیں، فوٹو : ایکسپریس نیوز

سندھ میں اپوزیشن جماعتوں نے صوبائی حکومت کے خلاف گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ 9 جنوری سے سندھ حکومت کے خلاف بھر پور تحریک شروع کر دی جائے گی جس میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے جائینگے۔ گرینڈ اپوزیشن الائنس کا فیصلہ اگلے روز کراچی میں وفاقی وزیر مرتضیٰ جتوئی کی رہائش گاہ پر ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا۔


اس اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل کے پیر صدر الدین شاہ راشدی، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، لیاقت جتوئی، حسین ہارون، صفدر عباسی، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا، غوث بخش مہر، عرفان اللہ خان مروت، جام مدد علی، اسماعیل راہو اور ایاز لطیف پلیجو سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اپوزیشن رہنماؤں نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات محدود کرنے کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ اپوزیشن رینجرز کو بے اختیار نہیں ہونے دیگی۔ سندھ میں انتظامی اور سیاسی حالات زیادہ ابتری کی طرف جاتے نظر آ رہے ہیں۔

سیاسی جماعتوں کے درمیان مختلف معاملات پر ہم آہنگی، مفاہمت ہوتی رہتی ہے اور سیاسی اتحاد بھی بنتے رہتے ہیں لیکن جب سیاسی اتحاد کسی حکومت یا سیاسی جماعت کے خلاف مزاحمت یا احتجاج کرنے کے پوائنٹ پر بنیں تو پھر اس کا مطلب یہی ہے کہ گھیراؤ جلاؤ ہو گا۔ سندھ کے تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو صورتحال کی سنگینی کا احساس کرنا چاہیے۔ حالات کو بگاڑنے کے بجائے انھیں بہتر بنانے کے لیے کام کیا جائے تا کہ سندھ کے عوام ترقی کی منزل کی جانب سفر جاری رکھ سکیں۔
Load Next Story