ملک بھرمیں عیدالاضحی آج مذہبی عقیدت و احترام اور جوش وجذبے سے منائی جارہی ہے

مسلمانوں نے سنت ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی، سیکیورٹی سخت

صدر آصف زرداری نے ایوان صدر ، چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے شاہ فیصل مسجد اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے باغ جناح پولو گراؤنڈ میں نماز عید ادا کی، فوٹو : ایکسپریس نیوز

پاکستان بھر میں آج عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام اور جوش وجذبے کیساتھ منائی جارہی ہے۔

کراچی ،لاہور،پشار،کوئٹہ،اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد کے اندرعیدکے بڑے بڑے اجتماع ہوئے جبکہ کھلے میدانوں میں بھی نمازعید ادا کی گئی۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہو ا۔ نمازعیدکے بعدعلماء کرام نے سنت ابراہیمی سمیت دیگرمسائل پر روشنی ڈالی اورملکی سلامتی واستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ مساجد اور عید گاہوں کے باہر سیکیورٹی کے اہلکار بھی موجودتھے،ملک بھر میں عید قربان پرسیکیورٹی انتظامات انتہائی سخت کردیے گئے ہیں ۔


صدرآصف زرداری نے ایوان صدرمیں نمازعید اداکی ،چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے فیصل مسجد میں عیدالاضحیٰ کی نمازاداکی،نوازشریف نے رائے ونڈ میں جبکہ گورنرسندھ نے اسلامی ممالک کے سفارتکاروں کے ساتھ باغ جناح پولوگراؤنڈ میں نمازعید اداکی۔

کراچی کی ہزاروں مساجد میں عیدالاضحیٰ کے خصوصی اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ملک کی سلامتی و استحکام، ملک سے دہشت گردی و قدرتی آفات کے خاتمے اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جس کے بعد لاکھوں مسلمانوں نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی، عید کی نماز کیلیے مساجد کے علاوہ عیدگاہوں، پارکوں اور کھلے مقامات پر بھی انتظامات کیے گئے تھے اس موقع پر شہر کے تمام حساس مقامات خصوصاً مساجد و امام بارگاہوں اور عیدگاہوں کے اطراف پولیس و رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ۔
Load Next Story