عوام الیکشن میں جھوٹ کی سیاست رد کردینگے نواز شریف افتخار گیلانی شمشاد احمد افتخار خٹک ن لیگ میں شامل

کامیابی ن لیگ کا مقدر ہوگی، پیپلزپارٹی اور اتحادی جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کی توجہ لوٹ مار سے نہیں ہٹاسکتے

پیپلزپارٹی اور اتحادیوں نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، وفود سے گفتگو، قوم کو عیدالاضحی کی مبارکباد۔ فوٹو: فائل

ROME:
مسلم لیگ (ق ) کے سابق صوبائی وزیر شمشاد احمد خان ، تحریک انصاف کے سنیئر نائب صدر افتخار گیلانی اور خیبرپختوانخوا کے رہنما ، سابق رکن اسمبلی افتخارالدین خٹک نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف سے رائیونڈ میں ملاقات کرکے (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے ۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ شہباز شریف، احسن اقبال، پیر صابر شاہ ، مہتاب عباسی ، پرویز رشید ،حمزہ شہباز شریف اور امیرمقام بھی موجود تھے۔ شمولیت اختیار کرنے والے رہنمائوں نے نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں نوازشریف ہی ملک کے لیے امید کی واحد کرن ہیں۔ نواز شریف نے ان رہنمائوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) آپ لوگوں کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گی جبکہ مسلم لیگ (ن) خیبر پختوانخوا میں مزید مضبوط اور مئوثر کردار ادا کرے گی ۔ قبل ازیں نواز شریف سے سابق وفاقی وزیر مخدوم احمد عالم انور ، رئیس منیر احمد، چوہدری جعفر اقبال اور چوہدری ندیم خادم نے بھی ملاقاتیں کیں۔


نواز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکن آئندہ انتخابات کی تیاری شروع کریں ، انتخابات میں کامیابی انشااللہ مسلم لیگ (ن ) کا مقدر ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ عوام کرپشن اور جھوٹ کی سیاست کو انتخابات میں مسترد کردینگے ۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ، پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادی جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کی توجہ اپنی کرپشن ، لوٹ مار اور بیڈ گورننس سے نہیں ہٹاسکتے۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ایک پیغام میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ حج اور قربانی محض مذہبی رسوم نہیں ، اصل ضرورت ان عبادات کی روح اور فلسفے کو سمجھنے اور اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کی ہے ۔ قربانی کے فلسفے میں یہ بھی شامل ہے کہ ایک طرف ہم انفرادی طور پر اپنے حاجتمند بھائیوں کی امداد و دست گیری میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور دوسری طرف معاشرہ اور ریاست بھی اس حوالے سے اپنی ذمے داریوں کا احساس کرے۔ اس جذبے کو سارا سال اپنی عملی زندگی میں جاری و ساری رکھا جائے ۔
Load Next Story