عمران فاروق قتل کیس کے ملزم کاشف کی افغانستان موجودگی کا انکشاف

ملزمان کے وارنٹ کے حصول کے بعد ملزمان کی پاکستان میں عدم موجودگی کا ریکارڈ حاصل کیا جائیگا

ملزمان کے وارنٹ کے حصول کے بعد ملزمان کی پاکستان میں عدم موجودگی کا ریکارڈ حاصل کیا جائیگا:فوٹو: فائل

KARACHI:
ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس کے دوران عمران فاروق قتل کے ملزم کاشف کامران کی افغانستان میں موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ اجلاس میں الطاف حسین و دیگر ملزمان کو گرفتار کرنے کے اقدامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے انسداد دہشت گردی ونگ کے ڈائریکٹر مظہر کاکاخیل کی صدارت میں ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں 9 گھنٹے طویل اجلاس ہوا جس میں عمران فاروق قتل کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان شریک ہوئے۔ کاشف کامران پر محسن کے ساتھ مل عمران فاروق کو قتل کرنے کا الزام ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میںمتحدہ کے رہنما الطاف حسین، محمد انور، افتخار حسین، معظم علی کی گرفتاری کے اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

چاروں ملزمان کے عدالت سے وارنٹ حاصل کئے جائیں گے۔ ان کے وارنٹ کے حصول کے بعد ملزمان کی پاکستان میں عدم موجودگی کا ریکارڈ حاصل کیا جائیگا اور ملزمان کو اشتہاری کروایا جائیگا۔ اشتہاری ہونے پر ان کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے براہ ارست انٹرپول کو خط لکھے گی۔ اجلاس میں عبوری چالان کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ عبوری چالان پیش کرنے کیلیے ایف آئی اے کے پاس 3 جنوری تک کا وقت ہے۔
Load Next Story