پلیئرز کی بغاوت کے بعد پی سی بی کا پراسرار رویہ

پردہ پوشی مہم، چیف سلیکٹراورکوچ کی میدان میں میٹنگ کا نتیجہ بھی سامنے نہ آ سکا

پردہ پوشی مہم، چیف سلیکٹراورکوچ کی میدان میں میٹنگ کا نتیجہ بھی سامنے نہ آ سکا فوٹو : اے ایف پی

ISLAMABAD:
محمد عامر کی شمولیت پر بغاوت کے بعد پی سی بی کا رویہ پراسرار رہا، میڈیا کے نمائندے آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں جاننے کیلیے فکر مند رہے، کوئی موقف سامنے نہ آسکا، پردہ پوشی مہم کی وجہ سے چیف سلیکٹرہارون رشید اورہیڈکوچ وقار یونس کی میدان میں میٹنگ کا نتیجہ بھی سامنے نہ آیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ شروع ہوا تو میڈیا کی تمام تر توجہ اس بات پر مرکوز تھی کہ محمد عامر کی شمولیت پر تحفظات رکھنے والے محمد حفیظ کا رویہ کیسا ہوگا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ دینے کے بعد آل راؤنڈر کے ساتھ ون ڈے کپتان اظہر علی بھی قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کیلیے نہیں آئے تو سب کے کان کھڑے ہوگئے، دماغ میں مچلتے سوالات کا کوئی جواب موصول نہ ہوسکا۔


بعد ازاں تصدیق ہوگئی کہ دونوں نے محمد عامر کو کیمپ میں شامل کیے جانے کیخلاف علم بغاوت بلند کردیا ہے، ایک صحافی کے رابطے پر اظہر علی نے لب کھول دیے، دوسری جانب چیف سلیکٹرہارون رشید میدان میں آئے، ہیڈکوچ وقار یونس سے بات کی، ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی اور اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد بھی اس ''ہنگامی میٹنگ'' میں شامل ہوگئے، ہارون ایک ایک کرکے کھلاڑیوں سے بھی مخاطب ہوتے رہے۔

آئندہ لائحہ عمل کے بارے میں جاننے کیلیے فکر مند صحافی ٹریننگ ختم ہونے کے بعد کسی ذمہ دار فرد کی بات چیت کے منتظر رہے لیکن میڈیا ڈپارٹمنٹ پر ایک پراسرار سی کیفیت طاری رہی،کیمپ کے بعد کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی روانہ ہوئے تو چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ سمیت تمام دامن بچا کر نکل گئے، میڈیا کے استفسار پر دستیاب پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ اور اظہر علی کو قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، میڈیا کے مزید کسی بھی سوال کا جواب میٹنگز میں کوئی فیصلہ ہونے کے بعد دیا جا سکے گا۔
Load Next Story