انگلینڈ سے سیریزعمراکمل اوراحمد شہزاد سے مینجمنٹ ناخوش رہی

رویے کی حکام سے شکایت،انور علی پر ٹیم کی خبریں میڈیا کو لیک کرنے کا شبہ

سرفراز احمد اور عمر اکمل کے بڑھتے ہوئے وزن کی بھی نشاندہی کردی گئی،ذرائع۔ فوٹو: فائل

دورہ یو اے ای میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کے رویے سے ٹیم مینجمنٹ ناخوش رہی، اس حوالے سے بورڈ کو باقاعدہ شکایت کا بھی انکشاف ہوا ہے، انور علی پر ٹیم کی خبریں میڈیا کو لیک کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا جبکہ سرفراز احمد اور عمر اکمل کے بڑھتے ہوئے وزن کی بھی نشاندہی ہوئی۔


تفصیلات کے مطابق انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اب مینجمنٹ کی جانب سے چند روز قبل عمر اکمل اور احمد شہزاد کے رویے کی بورڈ حکام سے شکایت کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع نے نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ انگلینڈ سے سیریز میں مجموعی طور پر تمام کھلاڑیوں کے ڈسپلن کو سراہا گیا،البتہ ایک بار پھر احمد شہزاد اور عمر اکمل کیخلاف شکایات کا انبار لگا دیا گیا، اوپنر کے بارے میں کہا کہ پورے ٹور میں ان کے طور طریقے مسائل کا سبب بنے رہے، اسی طرح ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے امارات آنے والے عمر اکمل نے بھی ٹیم کا ماحول خراب کیا، ان دونوں کے ساتھ ہر ٹور میں ہی ڈسپلن کے مسائل رہتے ہیں۔

آفیشلز نے آل راؤنڈر شعیب ملک کے رویے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان میں اب بہت زیادہ تبدیلی آ چکی اور مینجمنٹ سے بھرپور تعاون کرتے ہیں،آل راؤنڈر انور علی کے بارے میں شکوک ظاہر کیے گئے کہ وہ میڈیا کو خبریں لیک کرتے ہیں، اس حوالے سے واٹس ایپ، وائبر اور دیگر سافٹ ویئرز کے استعمال کا شبہ ظاہر کیا گیا۔ ایک آفیشل نے کوچ وقار یونس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت اچھے انداز سے ٹیم کو سنبھال رہے ہیں، البتہ بعض اوقات سخت ٹریننگ پلیئرز کیلیے تھکاؤٹ کا باعث بن جاتی ہے، سرفراز احمد اور عمر اکمل کے بارے میں کہا گیا کہ دونوں نے وزن خاصا بڑھا لیا جو مستقبل میں مسائل کا باعث بن سکتا ہے، یاد رہے کہ انہی خدشات کی وجہ سے کوچ وقار یونس نے پلیئرز کی سخت ٹریننگ کا منصوبہ بنایا اور کیمپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے، سیریز میں احمد شہزاد کو بہت کم مواقع ملے مگر ٹیم مینجمنٹ نے اسے کرکٹنگ فیصلہ قرار دیا۔
Load Next Story