قومی کرکٹرز نے سال نو کیلیے نئے عزائم کا اظہار کردیا

غلطیوں سے سیکھ کرآگے بڑھنا ہوگا، حفیظ، رینکنگ میں بہتری لائیںگے، سرفرازاحمد

غلطیوں سے سیکھ کرآگے بڑھنا ہوگا، حفیظ، رینکنگ میں بہتری لائیںگے، سرفرازاحمد۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
قومی کرکٹرز نے سال نو کیلیے نئے عزائم کا اظہار کردیا، محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا،سرفراز احمد نے ٹیم رینکنگ میں بہتری کی امیدیں وابستہ کرلیں، محمد رضوان نے کہا کہ دورئہ نیوزی لینڈ میں فاتحانہ آغاز کرینگے، صہیب مقصود کا کہنا ہے کہ ورلڈ ٹوئنٹی میں سازگار بھارتی کنڈیشنز میں ٹائٹل جیتنے کیلیے جان لڑا دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کرکٹرز نے قوم کو سال نو پر مبارکباد دی، ساتھ ہی اپنے پیغامات میں نئے عزائم کا بھی اظہار کیا۔ محمد حفیظ نے کہا کہ ہم سب کھلاڑی اور عوام سب دعاگو ہیں کہ ملک میں امن کی بحالی کا سفر مکمل ہو،کرکٹ میں گزشتہ سال کی جانے والی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا اور کامیابیوں کیلیے مزید محنت کرنا ہوگی، ذاتی طور پر بھی ملک کیلیے اپنے جذبات کا بہتر کارکردگی کے ذریعے اظہار کرنے کا عزم لیے میدان میں اتروں گا۔


سرفراز احمد نے کہا کہ پوری کوشش ہوگی کہ عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے پاکستان ٹیم کی رینکنگ میں بہتری لائیں،اپنی انفرادی کارکردگی سے بھی ملک کی فتوحات میں اہم کردار کرنے کیلیے بھرپور محنت کروں گا۔ محمد رضوان نے کہا کہ نئے سال میں بہتر کھیل پیش کرنے کیلیے سخت ٹریننگ کررہے ہیں، دورئہ نیوزی لینڈ میں فاتحانہ آغاز کرنے کے بعد ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل بھی اپنے نام کرنے کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔

صہیب مقصود نے کہا کہ گزشتہ سال کارکردگی ملی جلی رہی، اس بار بہتر تیاری اور پلاننگ کے ساتھ اچھا آغاز کرنا ہے، پاکستان سپر لیگ اچھا پلیٹ فارم ثابت ہوگی، بھارتی کنڈیشنز ہمارے لیے سازگار ہیں، میگا ایونٹ میں ٹائٹل فتح کیلیے جان لڑائینگے۔ اسد شفیق نے کہا کہ بہتری کی گنجائش موجود ہے، پوری محنت کرینگے کہ ملک کیلیے جو کرسکتے ہیں ضرور کریں۔
Load Next Story