پاکستان کو بغیر کھیلے پانچویں پوزیشن پانے کا موقع مل گیا

سری لنکا کیخلاف نیوزی لینڈ کی فتح ون ڈے رینکنگ میں ایک درجہ اوپر لے جائیگی.

سری لنکا کیخلاف نیوزی لینڈ کی فتح ون ڈے رینکنگ میں ایک درجہ اوپر لے جائیگی. فوٹو : فائل

اگلے 8 ماہ کے دوران ون ڈے کرکٹ چھائی رہے گی، ٹاپ 8 ٹیمیں آخری چیمپئنزٹرافی پر قبضے کیلیے بھرپور تیاری کرینگی۔

پاکستان کے پاس بھی بغیر کھیلے ون ڈے رینکنگ میں پانچویں پوزیشن پانے کا موقع موجود ہے، جمعرات سے شروع ہونیوالی سیریز میں سری لنکا پر نیوزی لینڈ کی فتح گرین شرٹس کو ایک زینہ اوپر لے جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آخری ایڈیشن کیلیے کائونٹ ڈائون جمعرات سے شروع ہونا ہے جب سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز ہوگا،گذشتہ دو چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹس کا فاتح آسٹریلیا ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک کی کوشش کریگا مگر اسے پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کا سخت چیلنج درپیش ہوگا۔


آئندہ سال جنوری، فروری اور مارچ میں ایک روزہ کرکٹ اپنے عروج پر ہوگی، جب آسٹریلیا سری لنکا کی پانچ میچز کیلیے میزبانی کریگا، انگلینڈ اتنے ہی مقابلوں کیلیے بھارت کا سفر کریگا، نیوزی لینڈ کی ٹیم تین میچز کھیلنے کیلیے جنوبی افریقہ میں موجود ہوگی، پھر ویسٹ انڈین سائیڈ5 ون ڈے کھیلنے کینگرو کے دیس جائیگی، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ میں تین میچز کھیلے جائینگے، جنوبی افریقہ اور پاکستان مارچ میں اس فارمیٹ کے پانچ مقابلوں میں ایک دوسرے کا سامنا کرینگے، گرین شرٹس کو اس سے قبل بھارت سے بھی تین میچز کھیلنے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کیساتھ ٹیموں کی نگاہیں آئی سی سی ون ڈے چیمپئن شپ پر بھی ہوں گی۔

جو بھی ٹیم یکم اپریل کی کٹ آف ڈیٹ پر رینکنگ میں ٹاپ پر ہوگی اسے ایک لاکھ 75 ہزار ڈالر کا خصوصی انعام ملے گا، اس وقت ٹاپ 6 ٹیموں کے درمیان صرف 17 ریٹنگ پوائنٹس کا فرق ہے، ٹاپ پر موجود انگلینڈ اور دوسرے نمبر کی ٹیم جنوبی افریقہ کے 121، 121 پوائنٹس مگر اعشاریائی پوائنٹس کی وجہ سے انگلش ٹیم کو برتری حاصل ہے، بھارت صرف ایک پوائنٹ پیچھے تیسرے نمبر پر ہے، چوتھے نمبر پر آسٹریلیا 113 پوائنٹس کیساتھ موجود ہے، سری لنکا 108 پانچویں جبکہ پاکستان 104 پوائنٹس کیساتھ چھٹی پوزیشن پر ہے۔ اگر آئی لینڈرزکو نیوزی لینڈ سیریز میں 3-2 سے شکست دیدے تو میزبان سائیڈ چھٹے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر چلا جائیگا، البتہ سری لنکا جیت کی صورت میں آسٹریلیا سے فاصلہ کم کر سکتا ہے۔
Load Next Story