ریلوے کی خراب کارکردگی مسافروں نے انٹرسٹی بسوں کا رخ کرلیا

ٹرین سروس کی معطلی سے ریلوے کو یومیہ ایک کروڑ خسارے کا سامنا ہے،ذرائع.

ٹرین سروس کی معطلی سے ریلوے کو یومیہ ایک کروڑ خسارے کا سامنا ہے،ذرائع. فوٹو: فائل

پاکستان ریلوے کی خراب کارکردگی اور ٹرینوں کی معطلی کے باعث کراچی سے اندرون ملک جانیوالے مسافروں کی بڑی اکثریت نے انٹرسٹی بسوں پر سفرشروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی کارکردگی سے مایوس ہوکر مسافروں نے مستقبل بنیادوں پر انٹر سٹی بس سروس سے استفادہ شروع کردیا ہے بالخصوص ان روٹس پر جہاں ٹرینوں کی آمد وروانگی تاخیر سے ہوتی ہے یا پاکستان ریلوے نے ٹرین آپریشن معطل کردیا ہے۔


واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے عیدالاضحی کے موقع پر معمول کی پانچ ٹرینوں کی سروس معطل کردی تھی، ان ٹرینوں میں عوامی ایکسپریس(پشاور)، علامہ اقبال ایکسپریس (سیالکوٹ)، ملت ایکسپریس(فیصل آباد) نائٹ کوچ کراچی ایکسپریس اور فرید ایکسپریس(لاہور) شامل ہیں، ماضی میں غریب مسافروں کی اکثریت عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ منانے کیلیے کراچی سے اپنے آبائی علاقوں تک ٹرینوں کے ذریعے سفر کرتے تھے، دونوں عیدین کے موقع پر کراچی کینٹ اسٹیشن اور سٹی اسٹیشن پر مسافروں کا اژدہام ہوتا تھا،جن مسافروں کو ٹرینوں میں جگہ نہیں مل پاتی تھی وہ مجبوراً انٹرسٹی بس سروس کا رخ کرتے تھے.

ذرائع نے بتایا کہ ٹرین سروس کی معطلی سے پاکستان ریلوے کو یومیہ ایک کروڑ خسارے کا سامنا ہے، انٹر سٹی بس ٹرانسپورٹرز نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کی مایوس کن کارکردگی کے باعث کئی ماہ سے انٹرسٹی بس سروس کیلیے مسافروں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے، انھوں نے کہاکہ لاہور، فیصل آباد، ملتان، پشاور، اٹک اور دیگر روٹس پر بسوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں 25گنا اضافہ ہوچکا ہے، واضح رہے کہ ان تمام علاقوں میں ٹرین سروس کیلیے پاکستان ریلوے کا انفرااسٹرکچر موجود ہے۔
Load Next Story