کسٹمز نے غیرملکی شراب اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ساتھ سمندر میں آپریشن، تاریخ کی سب سے بڑی کھیپ پکڑ لی۔

دبئی سے لائی گئی،مالیت کروڑوں روپے ہے،عملہ بھی پکڑاگیا، حکام کی پریس کانفرنس۔ فوٹو : محمد عظیم / ایکسپریس

ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے اشتراک سے ملک میں کروڑوں روپے مالیت کی غیرملکی شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

قائم مقام ڈی جی کسٹمزانٹیلی جنس محمدیحیٰ نے ایڈیشنل ڈائریکٹرواصف میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر بشارت ملک اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے کمانڈرمحمد فاروق کے ہمراہ منگل کو کراچی بندرگاہ پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارغیرملکی شراب کے ایک بڑے کنسائنمنٹ کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے جو دبئی الفجیرہ سے ''القمبر'' نامی لانچ کے ذریعے لایا جارہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ عیدالاضحی سے قبل کسٹم انٹیلی جنس کی خفیہ اطلاع پرمیری ٹائم سیکیورٹی کی ٹیم آپریشن کے لیے متحرک ہوگئی تھی اور دونوں اداروں کی انٹیلی جنس شیئرنگ کے نتیجے میں عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران ہی کراچی سے12 ناٹیکل مائلز پر ملکی سمندری حدود میں ''القمبر'' نامی لانچ کو بغیرکسی مزاحمت کے پکڑلیاگیا تو معلوم ہوا کہ پوری لانچ مہنگی اور 31 سے زائدمعروف غیرملکی برانڈز کی شراب سے لدی ہوئی ہے۔


لانچ میں40 فٹ کے حامل 6 سے زائد کنٹینرز کے حجم کے مساوی شراب پائی گئی جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے۔ محمد یحیٰ نے بتایا کہ ملک میں ریکارڈ مقدار میں شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کی اطلاع موصول ہوتے ہی چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم نے میری ٹائم سیکیورٹی کی آپریشنل ٹیم کے لیے خصوصی ریوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے، اس آپریشن سے اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ ڈائریکٹریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے درمیان مضبوط روابط قائم ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں محمد یحیٰ نے بتایا کہ شراب کی اسمگلنگ میں ملوث لانچ اور اسکے6 رکنی عملے کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ اسمگل شدہ شراب کی بوتلوں کی کائونٹنگ کی جارہی ہے اور ابتدائی طور پر بیئرزکے70 ہزار کینز جبکہ 22 ہزار وسکی کی بوتلوں کے اعدادوشمار سامنے آئے ہیں، ان اعدادوشمار سے یہ اندازہ ہورہا ہے کہ شراب اور بیئرزسے بھرے لاکھوں کینز اور بوتلیں اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسمگل شدہ شراب کی کائونٹنگ کا عمل آئندہ24 گھنٹوں میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کی جائے گی جبکہ حراست میں لیے گئے لانچ کریو کا ریمانڈ لے کر تحقیقات کے دائرہ کار کو وسعت دی جائے گی۔ ایک اور سوال پرمحمد یحییٰ نے بتایا کہ پکڑی گئے کنسائمنٹ کی بندرگاہ، کسٹمز کے سیکیورٹی ادارے اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا عملہ نگرانی کررہا ہے۔

اس لیے کنسائمنٹ سے ایک کین یا بوتل بھی غائب ہونے کے امکانات نہیں۔ اس موقع پر میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے کمانڈرمحمد فاروق نے بتایا کہ القمبر نامی لانچ غیرملکی شراب کی ایک بڑی مقدار کے باعث اوورلوڈڈ تھی اور اس لانچ پر چھاپے کے دوران میری ٹائم کے 5 ایف آربیز، ایک ایئرکرافٹ اور ایک شپ متحرک تھے لیکن لانچ کریو کی جانب سے دوران آپریشن کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں انتہائی خوش اسلوبی سے انسداد اسمگلنگ کا یہ آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس کی انسداد اسمگلنگ کے سینئر افسران محمد علی، اسد خان اورمحمداسلم بھی موجود تھے۔
Load Next Story