قانون نافذ کرنیوالے ادارے یرغمال ہیں محمد حسین محنتی

قربانی کی کھالیں زبردستی چھینی گئیں، پولیس ،رینجرز و دیگر ادارے منہ دیکھتے رہ گئے.

عوام نے کھالیں الخدمت کو دے کر اعتماد کا اظہار کیا ،پریس کانفرنس سے خطاب. فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کراچی میں شہریوں سے80 فیصد کھالیں زبردستی چھینی گئیں۔


پولیس ،رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے منہ دیکھتے رہ گئے،عوام ہی نہیں حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے بھی دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بن چکے ہیں،آج شہری نہ اپنی مرضی سے صدقہ،زکوٰۃ دے سکتے ہیں اور نہ کھالیں حتیٰ کہ وہ اپنی مرضی سے ووٹ بھی نہیں دے سکتے،ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دی گئیں،خوف کے ماحول کے باوجود عوام نے کھالیں الخدمت کو دے کر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا، پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی،ضلع جنوبی کے امیر راجہ عارف سلطان نے بھی خطاب کیا۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ اس سال بھی عیدالاضحی کے موقع پر کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے حکومتی حلیف جماعت نے اپنی روایت برقرار رکھی ، گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی ضابطہ اخلاق مرتب کیا گیا تھا جو دھرا رہ گیا، ضلع شرقی میں جماعت اسلامی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی یونس بارائی کوسنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں ، گلستان جوہربلاک7 میں واقع عثمانیہ مسجد کے عقب میں مسلح افراد کھالیں اورموبائل فون چھین کرلے گئے، اسی طرح کنیز فاطمہ سوسائٹی ، ملک سوسائٹی ، شاہ فیصل کالونی ، ماڈل کالونی ، فیروزآباد، اوربہادرآباد سمیت ضلع شرقی کے متعددعلاقوں میں کھالیں چھینی گئیں۔
Load Next Story