واٹربورڈ جونیئر افسر کی اہم عہدے پر تعیناتی پر افسران کا اعتراض

فیصلے سے ادارے کا ریونیومتاثراور محکمہ بدترین انتظامی بحران کاشکار ہوجائے گا

متاثرہ افسران نے کہا کہ ایک جونیئر افسرکو سینئرافسران کی موجودگی میں تعینات کرنا شدید نوعیت کی ناانصافی ہے. فوٹو: فائل

کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے ریونیو ڈپارٹمنٹ میں ایک جونیئرافسر کی تقرری پر محکمے کے سینئر افسران نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے ادارے کے ریونیو نہ صرف بری طرح متاثر ہوگا بلکہ محکمہ بدترین انتظامی بحران کا بھی شکار ہوجائے گا۔


باخبر ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ واٹربورڈ کے ایک جونیئر ڈپٹی ڈائریکٹر وقار ہاشمی کو واٹربورڈ کے ریونیو ڈپارٹمنٹ کا ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا ہے، واٹربورڈ کے سینئر افسران نے ایکسپریس کو بتایا کہ وقار ہاشمی ڈپٹی ڈائریکٹرکیڈر میں بھی ایک جونیئر آفیسر ہیں جبکہ ان سے زیادہ سینئرافسراور مکمل ڈائریکٹرز بھی موجود ہیں مگر اس کے باوجود ایک جونیئرافسرکو انتہائی اہم عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔

جس سے نہ صرف واٹربورڈ کا ریونیو متاثر ہوگا بلکہ محکمے کے افسران میں بغاوت جیسی فضا پیدا ہوجانے کے باعث وہاں پر شدید نوعیت کا انتظامی بحران بھی آجائے گا، متاثرہ افسران نے کہا کہ ایک جونیئر افسرکو سینئرافسران کی موجودگی میں تعینات کرنا شدید نوعیت کی ناانصافی ہے، اس صورتحال کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ واٹربورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کو نااہل افسر قرار دیکر فارغ کیا گیا ہے، اسی افسر کو واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مصباح الدیں فرید نے ایم ڈ ی سیکریٹریٹ میں اہم پوسٹنگ دے دی ہے جس پر افسران نے بڑی حیرت کا اظہار کیا ہے۔
Load Next Story