حکومت شہر میں قتل و غارت روکنے میں ناکام ہےقاری عثمان

مولانا قاری احمد حسین بزرگ اور قابل قدر عالم دین تھے،شہادت پر افسوس کا اظہار

عاشقان مصطفیؐ کو گرفتار جبکہ سرعام ٹارگٹ کلنگ کرنیوالوں پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا

جمعیت علمائے اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے یو سی12اورنگی ٹاون کے سابق یو سی ناظم اور جے یو آئی کے رہنما مولانا قاری احمد حسین کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا قاری احمد حسین ایک بزرگ عالم دین اور علاقے کی ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت تھی وہ ہر دلعزیز اور قابل قدر عالم دین تھے وہ گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے ناظم منتخب ہوئے تھے ان کے قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔


قاری محمد عثمان نے کہا کہ کراچی میں حکومتی رٹ ختم ہوکر رہ گئی ہے شہر میں جنگل کا قانون ہے جو جب چاہے جسے چاہے قتل کردیتا ہے قاتل سرعام کارروائی کرکے غائب ہوجاتے ہیں جبکہ انتظامیہ پہلے ہی سے غائب ہوتی ہے ایسے حالات میں اس ملک اور شہر کا اللہ ہی حافظ ہے، انھوں نے کہا کہ حکومت شہر میں قتل و غارت گری روکنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے کراچی کی انتظامیہ اور حکومت ناموس رسالت کے نام پر ریلی نکالنے والے عاشقان مصطفیؐ کو گرفتار کرکے تو دہشت گردی کے ایکٹ میں بند کردیتی ہے مگر سرعام ٹارگٹ کلنگ کرنے والوں پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالا جاتا،اگر مولانا عبد الرحمن شہید سمیت دیگر مقتولین کے قاتل گرفتار کیے جاتے اور متعلقہ ایس ایچ او سے جواب طلبی کی جاتی تو ایسے واقعات رونما نہ ہوتے۔
Load Next Story