پیپلزپارٹی کے سنیئر رہنما رانا اکرام ربانی ن لیگ میں شامل

سابق وزیرکا شریف برادران کی قیادت پر اظہاراعتماد، امریکا میں تباہی پر افسوس ہوا،شہباز شریف

زدراری سمیت تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے جو اسلحے کی ڈیل میں ملوث ہوئے،بیان. فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کے سنیئر رہنما، سابق صوبائی وزیر رانا اکرام ربانی نے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کرکے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔

انھوں نے شریف برادران کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ ہم اکرام ربانی کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں، ان کی آمد سے پارٹی مزید مستحکم ہوں گی۔ انھوں نے کہاکہ سیاسی رہنمائوں کی مسلم لیگ (ن) میں تیزی سے شمولیت پارٹی کی روز بروز بڑھتی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام کی بے لوث خدمت کرنے والے ہی کامیاب ہوں گے۔


رانا اکرام ربانی نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے گزشتہ ساڑھے چار سال میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلیے کچھ نہیں کیا بلکہ انہیں مایوسیوں کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ دریں اثنا اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ عالمی میڈیا نے پاکستان اور فرانس کے مابین اسلحے کی خریداری کے اسکینڈل میں نام لیکر صدر آصف زرداری کو کروڑوںروپے کی کک بیک وصو ل کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایاہے جبکہ دوسری طرف فرانس کی عدالت نے اس اسکینڈل میں ملوث مقامی ملزموں پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

چنانچہ اس پیشرفت کے بعد یہ ضروری ہوگیا ہے کہ اس معاملے میں پاکستان کی طرف سے ملوث ذمے داران کے خلاف اعلیٰ سطح کی تحقیقات عمل میں لائی جائے اور آزادانہ عدالتی کارروائی کے ذریعے آصف زدراری سمیت ان چہروں کو بے نقاب کرتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچایا جائے جو اسلحے کی اس ڈیل میں لوٹ مار کے مرتکب ہوئے ہیں ۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ایک آزادانہ تحقیقاتی کمیشن کے ذریعے فرانس کی عدالت میں کھلنے والے اس کیس کے ان تمام چہروں کو سامنے لایا جائے جنہوں نے اپنی تجوریاں بھرنے کے لئے رقم اکھٹی کی اور قومی مفادات کو بھاری نقصان پہنچایا۔
Load Next Story