پاکستانی فاسٹ گنز نے کیویز کا نشانہ باندھ لیا

آکلینڈ میں دھوپ نکلتے ہی پیس بیٹری چارج ہو گئی، حریف بیٹسمینوں کے ہوش اڑانے کیلیے ہتھیار مزید چمکا دیے گئے

ہم سری لنکنز نہیں جو مارکھاتے رہیں گے، بولنگ اٹیک زیادہ تجربہ کار اور مضبوط ہے ،وہاب ریاض. فوٹو:فائل

آکلینڈ میں دھوپ نکلتے ہی پاکستانی پیس بیٹری چارج ہوگئی، فاسٹ گنز نے کیویز کا نشانہ باندھ لیا، آؤٹ ڈورسیشن کے پہلے روز پیسرز نے خوب ٹریننگ کی، حریف بیٹسمینوں کے ہوش اڑانے کیلیے ہتھیار مزید چمکا دیے گئے.

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعے کو شیڈول پہلے ٹوئنٹی 20 میچ کے میزبان شہر آکلینڈ میں بارش کا سلسلہ تھم گیا، بدھ کودھوپ نکلنے سے گرین شرٹس کو آؤٹ ڈور ٹریننگ کا موقع میسر آیا اور کھلاڑیوں نے اس سے بھرپور فائدہ بھی اٹھایا، خاص طور پر فاسٹ بولرز نے باؤنسی کنڈیشنز میں خوب پریکٹس کی۔

اس ٹور میں پاکستان کا زیادہ تر انحصار اپنے فاسٹ اٹیک پر ہی ہے، ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ عامر کی واپسی سے اٹیک مزید مہلک ہوچکا، اس کے سامنے ان فارم کیویز بیٹسمینوں کی ایک نہیں چل پائے گی۔ ٹیم میں یارکر اور ریورس سوئنگ میں ماہر وہاب ریاض بھی موجود ہیں جب کہ عمرگل، انور علی اور عامر یامین کی خدمات بھی میسر ہیں۔


وہاب نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ عامر ٹیم میں ایک اچھا اضافہ ہیں، انھیں پھر سے کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، وہ ماضی میں خود کو منوا چکے اور اب بھی صلاحیتیں دکھانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ ان کی موجودگی سے بطور بولر مجھ پر دباؤ کم ہوگا کیونکہ مجھے ان کی سپورٹ حاصل ہوگی، اسی طرح عمر گل بھی واپس آئے اور بہت ہی اچھی بولنگ کررہے ہیں، یہ پاکستان کیلیے ایک اچھا کمبی نیشن ثابت ہونے والا ہے، انھوں نے کہا کہ عامر نئی گیند کے اچھے بولر اور ان سوئنگ کے ساتھ آؤٹ سوئنگ بھی کرلیتے ہیں، اگر ہم شروع میں ہی وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے تو میزبان سائیڈ کو دباؤ میں لانے میں کامیاب رہیں گے، اسی لیے میں عامر کی واپسی کو اہم قرار دے رہا ہوں۔

حال ہی میں نیوزی لینڈ نے سری لنکاکو شرمناک شکست سے دوچار کیا تاہم وہاب سمجھتے ہیں کہ پاکستانی اٹیک کیویز کیلیے آئی لینڈرز سے کہیں بڑا چیلنج ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں تو یوں محسوس ہوتا تھا کہ نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں کیلیے کرکٹ بہت آسان ہوچکی ہے، وہ گیند کو بہت عمدگی سے ہٹ کررہے تھے مگر اب انھیں بالکل مختلف چیلنج کا سامنا ہوگا کیونکہ ہمارے پاس آئی لینڈرزکی بانسبت کہیں زیادہ بہترین بولرز موجود ہیں۔

ہمارا اٹیک تجربہ کار اور ورائیٹی سے مالامال ہے، کیویز کیلیے ہمارے خلاف رنز اسکور کرنا آسان نہیں ہوگا۔ وہاب نے کہا کہ ہم بیٹھ کر نیوزی لینڈ کے حملے کا انتظار کرنے کے بجائے خود جارحانہ کرکٹ کھیلیں گے، پھر دیکھا جائے گا کہ کیا نتیجہ نکلتا ہے، اگر پھر بھی میزبان سائیڈ اچھی کرکٹ کھیل سکے تو میں انھیں خراج تحسین پیش کروں گا۔

نیوزی لینڈ کے ساتھ اسی وینیو پر پہلا میچ ہورہا ہے جہاں گرین شرٹس نے گذشتہ برس ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کو 29 رنز سے شکست دی تھی۔ وہاب نے کہا کہ ہماری اس وینیو سے کچھ اچھی یادیں جڑی ہیں، یہاں پروٹیز سے ہم نے جو ورلڈ کپ میچ کھیلا وہ ہمارے لیے انتہائی کامیاب ثابت ہوا تھا۔ فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ یہ سیریز ورلڈ ٹوئنٹی 20 کی تیاریوں کیلیے بہترین ہے، اگر ہم کیویز کا شکار کرنے میں کامیاب رہے تو بلاشبہ ٹیم کا اعتماد بڑھے گا، جس انداز میں نیوزی لینڈ اس وقت کھیل رہا ہے اس کے خلاف کامیابی پاکستان کرکٹ کیلیے بھی ایک اچھی خبر ہوگی۔
Load Next Story