بورڈ کے تیور دیکھ کر سابق کرکٹرز ہتھیار ڈالنے لگے

رانا نوید الحسن،ہمایوں فرحت اورخلیل ماسٹرزلیگ میں حصہ لینے کیلیے ریٹائر ہو گئے

رانا نوید الحسن،ہمایوں فرحت اورخلیل ماسٹرزلیگ میں حصہ لینے کیلیے ریٹائر ہو گئے فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے تیور دیکھ کر سابق کرکٹرز ہتھیار ڈالنے لگے، 3 سینئر کھلاڑیوں نے ماسٹرزلیگ میں حصہ لینے کے لیے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، رانا نوید الحسن، ہمایوں فرحت اور محمد خلیل نے حکام کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا، ان پلیئرز کو ایونٹ کیلیے این او سی ایک دو روز تک جاری ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماسٹرز لیگ سے معاہدے کرنے والے کرکٹرز کے حوالے سے واضح پالیسی اپنائی ہے،انھیں واضح طور پر بتا دیا گیاکہ اگر کوئی بھی ایونٹ میں شرکت کا خواہشمند ہے تو اسے انٹرنیشنل کرکٹ سے باقاعدہ طور پر ریٹائرمنٹ لینا پڑے گی۔


یاد رہے کہ پی ایس ایل کی طرح ماسٹرز لیگ بھی آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے، دونوں لیگز کی تاریخوں اور مقامات میں مماثلت کی وجہ سے پی سی بی حکام کو سپر لیگ کے کامیاب انعقاد میں مشکلات کا سامنا ہے،وہ ماسٹرز لیگ کھیلنے کے خواہشمند پلیئرز کو کسی طور پر بھی رعایت دینے کے لیے تیار نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ متعدد کرکٹرز نے ماسٹرز لیگ کھیلنے کے لیے این او سی کی درخواست دے رکھی ہے، تاہم بورڈ کی یہ پالیسی واضح ہے کہ اگر ایونٹ میں کھیلنا چاہتے ہیں تو پہلے انٹرنیشنل کرکٹ سے باضابطہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں، البتہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ جاری رکھ سکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماسٹرزچیمپئنز لیگ سے معاہدہ کرنے والے کسی بھی پاکستانی کرکٹر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔ محمد یوسف نے آخری بار2010 میں ٹیسٹ اور ون ڈے میچزکھیلے تھے۔عبدالرزاق نے بھی ماسٹرز لیگ سے معاہدہ کر رکھا ہے، وہ پاکستان سپر لیگ میں بھی شامل ہیں، انھیں لاہور قلندر نے اپنے سپلیمنٹری کرکٹرز میں شامل کیا ہے۔ بورڈ کے بدلتے تیوردیکھتے ہوئے 10 میں سے 3 کرکٹرز رانا نوید الحسن، ہمایوں فرحت اور محمد خلیل نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا،تینوں کرکٹرز نے گذشتہ روز پی سی بی کے ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد سے ملاقات میں تحریری طور پر ریٹائرمنٹ کے بارے میں آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق عالمی کرکٹ کو خیر باد کہنے کے بعد ان پلیئرز کو 1،2 روز میں ماسٹرز لیگ کھیلنے کیلیے بورڈ کی طرف سے باقاعدہ طور پر اجازت نامہ جاری ہونے کا قوی امکان ہے۔ پاکستان کے دس کرکٹرز محمد یوسف، عبدالرزاق، ثقلین مشتاق، توفیق عمر، رانا نوید الحسن، محمد خلیل، سلیم الہیٰ، حسن رضا، اظہر محمود، ہمایوں فرحت اور یاسر حمید نے یہ لیگ کھیلنے کا معاہدہ کر رکھا ہے، ایونٹ کا حصہ بننے کے لیے ان پلیئرزکو پی سی بی سے این او سی لینا ضروری ہے۔
Load Next Story