ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان فتح حاصل کرسکتا ہے محمد یوسف

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اب پچزکا مزاج بدل چکا، ماضی میں حالات مختلف تھےاب رنز کے انبار لگانا مشکل نہیں، سابق کپتان

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اب پچزکا مزاج بدل چکا، ماضی میں حالات مختلف تھےاب رنز کے انبار لگانا مشکل نہیں، سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی وکٹوں کا مزاج تبدیل ہوچکا، ماضی میں حالات مختلف تھے اب رنز کے انبار لگانا مشکل نہیں رہا، پاکستانی ٹیم ایک یونٹ بن کر کھیلے تو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح حاصل کرسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں محمد یوسف نے کہاکہ پاکستان کے پاس دنیا کا بہترین ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ موجود لیکن فتح کے لیے ضروری ہے کہ ٹیم ایک یونٹ بن کر کھیلے اور ہر رکن اپنا کردار ادا کرے، انھوں نے کہا کہ گرین شرٹس کی بیٹنگ اور بولنگ کے تجربے و صلاحیتوں پر نظر دوڑائی جائے تو اسے میزبان پر برتری حاصل ہے۔


پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کمزور نہیں لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر رینکنگ میں ساتویں نمبر پر تنزلی ہوئی۔ یوسف نے کہا کہ شاہدخان آفریدی، شعیب ملک، عمر اکمل، احمد شہزاد، سرفراز احمد اور انور علی کی صورت میں جارح مزاج بیٹسمین موجود ہیں لیکن مختصر فارمیٹ میں بھی ایک مستند بیٹسمین کی ضرورت ہوتی ہے جو وکٹ پر قیام کرتے ہوئے ایک اینڈ سنبھال سکے۔ کیویز کیخلاف سیریز کے مقابلوں میں کسی ایک کو مڈل آرڈر میں یہ ذمہ داری اٹھانا ہوگی، موجودہ بیٹنگ لائن کو سنگلز لینے میں مسائل کا سامنا جبکہ خراب فیلڈنگ بھی مشکلات کا سبب بن رہی ہے، ان مسائل پر قابو پانا ہوگا۔

انھوں نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں مشکل پچز کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں حالات مختلف تھے، اب اسپانسرز کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے ٹریک تیار کیے جا رہے ہیں جن پر زیادہ سے زیادہ رنز بن سکیں۔ نیوزی لینڈ میں ہونے والے حالیہ میچز پر نظر ڈالیں تو بیٹسمین واضح طور پر غالب رہے، باؤنسی اور سوئنگ کی حامل وکٹوں پر کھیلنے کے لیے ہمارے کھلاڑیوں کو اپنی سوچ تبدیل کرنا ہو گی۔

محمد یوسف نے کہا کہ محمد عامر کی واپسی سے پاکستان کا بولنگ اٹیک خاصا مضبوط ہو گا، ان کی موجودگی میں وہاب ریاض بھی زیادہ خطرناک ثابت ہونگے، تجربہ کار عمر گل ٹی ٹوئنٹی کے اسپیشلسٹ بولر ہیں، ان کا ساتھ بھی مفید رہے گا۔
Load Next Story