پاکستان اورامریکن بزنس کونسل میں بھی مسابقت پرسیمینار

چیئرپرسن مسابقتی کمیشن نے رابطوں کیلیے فوکل پرسن مقررکرنے کی تجویز پیش کی

غیرملکی سرمایہ کاروں نے کاروباری مسابقت کے لیے کمیشن کے اقدامات کو سراہا ۔ فوٹو: فائل

SEOUL:
غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں مسابقتی قوانین سے متعلق آگہی کے فروغ کے لیے مسابقتی کمیشن کے روڈ شو کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملک میں کاروباری مسابقت بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا ہے۔

مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے گزشتہ روز قومی روڈ شو برائے کمپیٹیشن قانون کے سلسلے میں پاکستان بزنس کونسل اور امریکن بزنس کونسل میں سیمینار منعقد کیے گئے۔ پاکستان بزنس کونسل سیمینار میں چیئرپرسن سی سی پی ودیعہ خلیل، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی بی سی احسان ملک، سی سی پی ممبران شہزادا نصر، اکرام الحق قریشی، معین باٹلے، ڈائریکٹر جنرل احمد قادراور ڈائریکٹراسفند یار خٹک، نائب صدر پی بی سی عاطف اسلم باجوہ اور بورڈ ممبرز کی کثیرتعداد شریک ہوئی۔


ودیعہ خلیل نے کہا کہ مسابقتی قانون کاروباری برادری کو مسابقت مخالف اور دھوکہ دہی پر مبنی رویوں سے تحفظ دیتا ہے۔انہوں نے پی بی سی کی جانب سے فوکل پرسن کی نامزدگی کی تجویز پیش کی جو سی سی پی کے ساتھ کمپلائنس اور دوسرے متعلقہ معاملات پر رابطہ رکھ سکے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی بی سی احسان ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ روڈ شو مسابقتی قانون کے متعلق آگہی پیدا کرے گا۔عاطف اسلم باجوہ نے سی سی پی کے اقدامات کو سراہا۔ امریکن بزنس کونسل میں ہونے والے سیمینار میں نائب صدر احمد جمال میر اور کونسل کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

احمد جمال میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسابقتی قانون سرمایہ کاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بہت اہم ہے۔ دونوں سیمینار کے شرکا کو مسابقتی قانون کی اہمیت اور صارفین کو اس قانون کے موثر نفاذ سے ہونے والے فوائد پر بریفنگ دی گئی۔ ممبرز مسابقتی کمیشن اکرام الحق قریشی، شہزادا نصر، معین باٹلے اورڈائریکٹرجنرل احمدقادر نے مسابقتی قانون کے مختلف پہلوؤں اور دنیا میں اس کی اہمیت کے حوالے سے اظہارخیال کیا۔
Load Next Story