فکسنگ کیس پولیس سری لنکن کرکٹرز کے ہی پیچھے پڑگئی

پریرا اورہیراتھ سے 6 گھنٹے تک پوچھ گچھ، میتھیوز اور ٹیم منیجر کو بھی بلایا جائے گا

پریرا اورہیراتھ سے 6 گھنٹے تک پوچھ گچھ،میتھیوز اور ٹیم منیجر کو بھی بلایا جائے گا ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
میچ فکسنگ اسکینڈل میں مقامی پولیس سری لنکن کرکٹرز کے ہی پیچھے پڑ گئی،کوشل پریرا اور رنگانا ہیراتھ سے فنانشل کرائم انویسٹی گیشن ڈویژن کے افسران نے 6 گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی ہے۔

اوپنر کوشل پریرا نے گذشتہ برس اکتوبرمیں ویسٹ انڈیز سے ٹیسٹ کے موقع پر بکیز کی جانب سے رابطہ کرنے پر حکام کو آگاہ کیا تھا، لیفٹ آرم اسپنر ہیراتھ کو معیار سے کمتر پرفارمنس کے عوض رقم کی پیشکش ہوئی تھی، میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کرکٹرز سے رابطے کیلیے بکیز نے نیٹ پریکٹس بولر کو آلہ کار بنایا تھا۔


دوسری جانب سری لنکا کرکٹ کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کپتان انجیلو میتھیوز اور ٹیم منیجر جیری ووئٹرز سے بھی پولیس بات چیت کریگی، یہ تمام کارروائی وزیر کھیل دیاسری جیاسیکارا کی جانب سے میچ فکسنگ کی باقاعدہ شکایت درج کرانے کے بعد ہوئی ہے۔

انھوں نے اس سے قبل انکشاف کیا تھا کہ نیٹ پریکٹس بولر کو نیشنل ٹریننگ اسکواڈ میں پلیئرز سے رابطے کیلیے استعمال کیا گیا تھا، یاد رہے کہ وزیر کھیل نے سری لنکن ٹیم کی حالیہ دورئہ نیوزی لینڈ میں بھی مایوس کن پرفارمنس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، ٹوئنٹی 20 سیریز کے دونوں میچز ہارنے کے بعد ٹیم ورلڈ نمبرون رینکنگ بھی کھوبیٹھی، وہ ٹیسٹ سیریز بھی 0-2 سے ہار گئی تھی جبکہ ون ڈے سیریز میں1-3 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
Load Next Story