کراچی اسٹیل ٹاؤن میں ڈمپر نے رکشے کو کچل دیا 5 افراد جاں بحق

میاں، بیوی، بیٹااور دیگر 2 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، ڈمپر ڈرائیور فرار

میاں، بیوی، بیٹااور دیگر 2 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، ڈمپر ڈرائیور فرار۔ فوٹو: فائل

اسٹیل ٹاؤن کے علاقے میں لنک روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی اور بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن تھانے کے علاقے لنک روڈ پر واقع سمندری بابا کے مزار جانے والے راستے پر پتھروں سے لدے ہوئے تیز رفتار ڈمپر نے رکشے کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں رکشا مکمل طور پر تباہ ہوگیا جب کہ رکشے میں سوار2 افراد موقع پر جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گیے اور ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں مزید3 زخمی بھی دم توڑ گئے۔


اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں رکشے کا ڈرائیور35 سالہ تاج محمد ولد غلام سرور اس کی اہلیہ25 سالہ مہناز زوجہ تاج محمد، بیٹا7 سالہ سہیل ولد تاج محمد، سالہ14سالہ سلیمان ولد محمد نذیر احمد اور رشتہ دار40 سالہ عرفان ولد نامعلوم شامل ہے جبکہ زخمی خاتون40 سالہ براما متوفی عرفان کی اہلیہ بتائی جاتی ہے۔ ٹریفک حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے کورنگی مہران ٹاؤن کے رہائشی تھی جبکہ ان کا آبائی تعلق ضلع بہاولپور تحصیل احمد پور شرقیہ سے تھا۔

ذرائع کو ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ کا کہنا کہ ہفتہ وار تعطیل کے باعث تاج محمد اس کے خاندان میں شامل دیگر افراد3 رکشوں میں سوار ہوکر زیارت کیلیے سمندری بابا کے مزار جا رہے تھے کہ راستے میں تیز رفتار ڈمپر نے ایک رکشے کو روند ڈالا اور فرار ہوگیا۔ ایک سال قبل تاج محمد کو اس کے سسر محمد نذیر احمد نے رکشا دلوایا تھا اور5 سال قبل تاج محمد اور مہنازکی شادی ہوئی تھی۔ پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی کے بعد تمام میتوں تدفین کیلیے آبائی علاقے لے جایا جائے گا۔

رابطہ کرنے پر ایس ایچ او غلام احمد شیخ کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے کا ذمہ دار ڈمپر موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جبکہ موقع پر موجود شہری صرف مذکورہ ڈمپر کے 789نمبر دیکھ سکے۔ پولیس نے ڈمپر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے امید ہے جلد ہی ڈمپر کا سراغ لگا لیا جائیگا۔ علاوہ ازیںسعید آباد تھانے کے علاقے حب ریور روڈ داؤد گوٹھ موڑ کے قریب تیز ر رفتار نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جسکے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 16سالہ باسط علی ولد غلام علی جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے سول اسپتال لائی لی گئی۔ متوفی بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
Load Next Story