ہاکی کیمپ سہولیات کے فقدان پر پلیئرز مشکلات کا شکار

انجرڈ ہونے والے کھلاڑی عمربھٹہ کواسپتال لے جانے کیلیے ایمبولینس ہی موجود نہ تھی۔

انجرڈ ہونے والے کھلاڑی عمربھٹہ کواسپتال لے جانے کیلیے ایمبولینس ہی موجود نہ تھی۔ فوٹو: فائل

ساؤتھ ایشین گیمز کیلیے کراچی میں جاری قومی ہاکی کیمپ میں سہولیات کے فقدان پر پلیئرز مشکلات کا شکار ہو گئے، گذشتہ روز عمر بھٹہ کے پاؤں میں موچ آئی تو انھیں اسپتال تک لے جانے کیلیے ایمبولینس موجود نہ تھی، امپائر شاہد پرویز انھیں اپنی موٹر سائیکل پر لے کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں جاری پاکستان وائٹس ٹیم کے تربیتی کیمپ میں پلیئرز کی سخت ٹریننگ جاری ہے، بدھ کو دوران پریکٹس تجربہ کار کھلاڑی عمر بھٹہ زخمی ہوگئے تو انھیں اسپتال تک لے جانے کے لیے کسی قسم کا کوئی بندوبست دیکھنے میں نہیں آیا، معلوم ہوا ہے کہ عمر دوڑتے ہوئے پائوں میں موچ آنے کے سبب شدید تکلیف میں تھے۔


پاکستان واپڈا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی کو کیمپ کے ڈاکٹراولمپئن عاطف بشیر نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی ، درد بڑھ جانے پر عمر بھٹہ کو اسپتال لے جانے کیلیے کیمپ میں عبدالرئوف کے ہمراہ امپائرنگ کرنے والے شاہد پرویزکو اپنی موٹر سائیکل نکالنا پڑی، جناح اسپتال میں عمر بھٹہ کا علاج ممکن ہوا، بعدازاں ایکسرے بھی کرایا گیا ، ڈاکٹرز نے62 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑی کو چند یوم آرام مشورہ دیا ہے۔

قوی امید ہے کہ وہ سائوتھ ایشین فیڈریشن گیمز کے لیے قومی ٹرائلز میں شرکت کے قابل ہو جائیں گے، قبل ازیں کیمپ میں شریک ایک اور کھلاڑی شہر یار بھی دوران پریکٹس چہرے پر گیند لگنے کے سبب زخمی ہوگئے، ان کے چہرے پر2 ٹانکے بھی آئے، ہاکی کے حلقوں نے قومی ہاکی کی بحالی کے لیے کوشاں پی ایچ ایف سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی تربیتی کیمپ کیلیے کھلاڑیوں کو مناسب سہولیات فراہم کریں۔
Load Next Story