بنگلہ دیشی لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد خطرے میں

میٹنگ کے دوران بورڈ بحران حل کرنے میں ناکام، 3 رکنی کمیٹی بنانے سے معاملہ طول پکڑ گیا.

میٹنگ کے دوران بورڈ بحران حل کرنے میں ناکام، 3 رکنی کمیٹی بنانے سے معاملہ طول پکڑ گیا. فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد خطرے میں پڑگیا۔

گذشتہ روز منعقدہ اجلاس میں بورڈ ایونٹ کے حوالے سے جاری بحران حل کرنے میں ناکام رہا، کھلاڑیوں کو معاوضوں کی عدم ادائیگی پر دو فرنچائزز ڈھاکا گلیڈی ایٹرز اور ڈرونٹو راجشاہی عبوری طور پر ملکیت سے محروم ہو چکی ہیں، بورڈ نے اب یہ تنازع طے کرنے کیلیے تین رکنی کمیٹی قائم کر دی جس کے سربراہ محبوب الانعام جبکہ ارکان احمد سجادالعالم اور احمد اقبال حسن ہیں، انھیں ایک ہفتے میں کام مکمل کر کے صدر کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، کمیٹی فرنچائزز، بی پی ایل گورننگ کونسل اور گیم آن اسپورٹس مینجمنٹ کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر تنازع نمٹانے کی کوشش کرے گی۔


بورڈ کی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس نے کہا کہ صدر نظم الحسن کو ابتدا میں ایسا لگا کہ وہ مسئلہ آسانی سے حل کرلیں گے مگر معاملات زیادہ پیچیدہ نظر آئے، کمیٹی میں تمام متعلقہ افراد شامل ہیں، ہم کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل سب سے بات چیت کریں گے، حتمی فیصلہ نہ آنے تک ڈھاکا گلیڈی ایٹرز اور ڈرونٹو راجشاہی بدستور معطل رہیں گے۔یاد رہے کہ لیگ کا دوسرا ایڈیشن 17 جنوری سے شروع ہونا ہے، ایسے میں بورڈ نے کمیٹی قائم کر کے معاملے کو مزید طول دے دیا، ماہرین کے مطابق وقت پر ایونٹ کا انعقاد دشوار ہو گا۔

دوسرے ایڈیشن کیلیے فرنچائزز نیلامی کا عمل 7نومبر جبکہ پلیئرزآکشن 9 دسمبر کو شیڈول ہے مگر اب دو ٹیموں کی معطلی کے بعد اس کے انعقاد پر سوالیہ نشان ثبت ہو چکا۔ یاد رہے کہ ڈھاکا گلیڈی ایٹرز اور ڈرونٹو راجشاہی پر کھلاڑیوں کے8 کروڑ ٹکا واجب الادا ہیں، دونوں فرنچائزز نے کئی بار ڈیڈلائنز ملنے کے باوجود ادائیگوں سے گریز کیا جس پر بورڈ کو سخت قدم اٹھانا پڑا۔
Load Next Story