جونیئر ٹائیگرز کی دھاڑ سے پروٹیز سہم گئے

دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کو ابتدائی مقابلے میں 43رنز سے شکست

لیام کی سنچری رائیگاں، مہدی اور سیف کی 3،3 وکٹیں. فوٹو: آئی سی سی

انڈر 19 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں جونیئر ٹائیگرز کی دھاڑ سے دفاعی چیمپئن پروٹیز سہم گئے، بنگلہ دیشی ٹیم نے نظم الحسین شانتو اور اسپنرز کی تباہ کن پرفارمنس کی بدولت 43 رنز سے میدان مار لیا.

تفصیلات کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کی فتح کیلیے 241 رنز کے تعاقب میںوقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، اگرچہ ایک اینڈ پر اوپنر لیام اسمتھ ڈٹے ہوئے تھے مگر دوسری جانب سے انھیں کسی بھی کھلاڑی سے کوئی مدد حاصل نہیں ہوئی، فاسٹ بولر محمد سیف الدین کی جانب سے یارکرز کی بھرمار اور اسپنرز کی جانب سے نپی تلی بولنگ نے پروٹیز پلیئرز کو سر اٹھانے کا موقع ہی نہیں دیا۔


اسمتھ کی بھی ہمت آخر کار 45 ویں اوور میں جواب دے گئی، جب وہ 100 رنز پر صالح احمد کی گیند پر حریف کپتان مہدی حسن مرزا کا کیچ بن گئے، دیام گلیم 22 رنز کے ساتھ دوسرے ٹاپ اسکورر تھے، مہدی حسن اور سیف الدین نے تین تین وکٹیں لیں، سعید سرکار اور صالح احمد نے دودو کھلاڑیوں کو رخصت کیا۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش نے 7 وکٹ پر240 رنز اسکور کیے، نظم الحسین نے 73، جوراز شیخ نے 46 اور پنیک گھوش نے 43 رنز بنائے۔

ویان ملڈر نے 3 وکٹیںلیں۔ گروپ سی میں انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 3 وکٹ پر 371 رنز بنائے، ڈین لارنس 174 اورجیک برنہام 148 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میںفجی کی ٹیم 27.3 اوورز میں 72 رنز ڈھیر ہوگئی۔ پینی وونیواکا نے سب سے زیادہ 36 رنز بنائے، ڈبل فیگر میں پہنچنے والے دوسرے کھلاڑی جیک چارٹرز تھے جنھوں نے 10 رنز بنائے۔ باقی کوئی بھی کھلاڑی 7 رنز سے آگے نہیں بڑھ پایا، 4 کھلاڑیوں کو کھاتہ تک کھولنا نصیب نہیں ہوا۔ ثاقب محمود اور سام کورین نے 3، 3 جبکہ بین گرین نے دو وکٹیں لیں۔ جمعرات کو گروپ بی میں پاکستان کا مقابلہ افغانستان جبکہ سری لنکا کی ٹیم کینیڈا کا سامنا کرے گی۔
Load Next Story