عالمی اُفق پر نئے پاکستانی ستارے چمکنے لگے

کینیڈا کو 7 وکٹ سے روند کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، ذیشان ملک 89 پر ناقابل شکست رہے

کینیڈا کو 7 وکٹ سے روند کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، ذیشان ملک 89 پر ناقابل شکست رہے۔ فوٹو: آئی سی سی/فائل

PESHAWAR:
عالمی افق پر نئے پاکستانی ستارے چمکنے لگے،انڈر 19 ورلڈ کپ میں کینیڈا کو 7 وکٹ سے روند کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں جاری میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم شاندارپرفارم کر رہی ہے۔ مسلسل دوسرے مقابلے میں فتح نے اسے کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔ گذشتہ روز گرین شرٹس نے کینیڈا کیخلاف 55 بالز قبل 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، 179 رنز کے تعاقب میں پہلی وکٹ51پر گری جب کپتان گوہر حفیظ (20)آکاش گل کی وکٹ بن گئے، کیچ وکٹ کیپر سربوت سیوا کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا، محمد اسد کو 6 کے انفرادی اسکور پر مامک لوتھرا نے قابو کیا، اس موقع پر اوپنر ذیشان ملک کو وکٹ پر سیف بدر نے جوائن کیا، دونوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف خوبصورت اسٹروکس کھیلتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 108 رنز کا اضافہ کیا، یوں مجموعہ 173 تک پہنچ گیا۔


فتح کی دہلیز پر سیف بدقسمتی کا شکار ہوگئے، سلیمان خان کی گیند انھیں چکمہ دیتی ہوئی سیدھی اسٹمپس سے جا ٹکرائی، انھوں نے 44 رنز بنائے، نئے بیٹسمین حسن محسن نے آکاش کو چوکا جڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا، مین آف دی میچ ذیشان 89 پر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے 122 بالز میں سے ایک پر چھکا جبکہ 9 پر چوکے جڑے۔ اس سے قبل کینیڈا کی ٹیم 48.3 اوورز میں 178 پر آؤٹ ہوگئی، ادھیتی نے سب سے زیادہ 51 اور کپتان ابریش خان نے 44 رنز اسکور کیے۔

حسن خان نے 3 اور شاداب نے 2 وکٹیں لیں۔ پاکستان نے اگرچہ سپر لیگ کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی مگر ابھی اس کا بدھ کوسری لنکا سے مقابلہ باقی ہے، ٹیم اس وقت گروپ بی میں پوائنٹس ٹیبل پر رن ریٹ کی وجہ سے ٹاپ پرموجود ہے۔ اس نے گذشتہ روز افغانستان پر 33 رنز سے ہاتھ صاف کیا،آئی لینڈرز 48.1 اوورز میں 184پر آؤٹ ہوگئے، چاریتھ آسالانکا نے سب سے زیادہ 71 کی اننگز کھیلی، شمس الرحمان نے 3 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔ جواب میں افغان ٹیم 44.5 اوورز میں 151 پر آؤٹ ہوگئی۔ گروپ ڈی میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 120 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کرکے کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، ٹیم نے 8 وکٹ پر 258 رنز بنائے، سرفراز خان نے 74 اور ریشابھ پانٹ نے 57 رنز اسکور کیے، زیک گبسن نے 3 وکٹیں لیں۔

جواب میں کیوی جونیئرز 31.3 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئے، ماہیپل لامرور نے 5 اوراویش خان نے 4 وکٹیں لیں۔ گروپ ڈی کے ہی دوسرے مقابلے میں نیپال نے آئرلینڈ کو 8 وکٹ سے پچھاڑ کرپہلی بارفائنل ایٹ میں جگہ بنائی، ناکام ٹیم نے 9 وکٹ پر 131 رنز اسکور کیے، سندیپ لیمی چین نے ہیٹ ٹرک سمیت 5 وکٹیںلیں۔ جواب میں نیپال نے 2 وکٹ پر 132 رنز بنائے، یوگیندرا سنگھ کارکی 61 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اب دونوں گروپس بی اور ڈی کی نچلے 2 نمبرز پر رہنے والی ٹیمیں کینیڈا، افغانستان، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ پلیٹ چیمپئن شپ کھیلیں گی۔
Load Next Story