شام میں مزید 116ہلاک باغیوں کا فوجی ہوائی اڈے پر حملہ

صوبہ ادلیب میں ائیربیس پر لڑائی جاری، ملک کے بیشتر علاقوں میں بشار الاسد کے مخالف فوجیوں نے محاصرے کر لیے.

شام کے شہر الیپو میں ایک باغی فلیٹ کی کھڑکی سے سرکاری فوج کا نشانہ لے کر فائرنگ کررہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

شام کے مختلف شہروں میں جاری جھڑپوں اورحملوں میں ہفتے کو مزیدکم ازکم 116 افراد ہلاک ہوگئے ۔


گزشتہ روز صدر بشارالاسدکے مخالف فوجیوں نے صوبہ ادلیب میں اہم فوجی اڈے طفتانازکے ائیربیس پر قبضہ کرنے کیلیے حملہ شروع کردیا جہاں اطلاعات کے مطابق شدید لڑائی جاری ہے۔ طفتانازایئربیس سے طیارے اور ہیلی کاپٹر اڑ کر باغی فوج کی پوزیشنوں پر بمباری کرتے ہیں۔ دوسری طرف ملک کے شمالی علاقوںمیں کئی مقامات پر سرکاری فوج مخالفین کے محاصرے میں آئی ہوئی ہے اور صورتحال باغیوں کے حق میں بدل رہی ہے۔ سرکاری فوج اب صرف حلب کو بچانے کی کوشش میں ہے' اس شہرکی بھی رابطہ سڑکیں کٹ چکی ہیں۔

حالیہ لڑائی ایسے موقع پرہورہی ہے جب قطرمیں آج اپوزیشن گروپوں میں نئے مذاکرات شروع ہو رہے ہیں جہاں امکان ہے کہ امریکا سیریئین نیشنل کونسل کی جگہ نئے اپوزیشن اتحادکا اعلان کریگا۔ نئے اتحاد میں شامل رہنما صدربشارالاسدکیساتھ مذاکرات کی حمایت کرینگے جبکہ سیریئین نیشنل کونسل اردن میں ہونیوالے ایک روزقبل کے اجلاس میں صدربشارالاسدکے ساتھ مذاکرات کو مسترد کر چکی ہے۔ سیریئین نیشنل کونسل اپنے معاملات میں امریکی مداخلت کے بھی خلاف ہے۔امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن نے چندروز قبل سرکاری فوجیوں کوپکڑ کربے رحمی سے مارے جانے کی ویڈیو سامنے آنے پرپریشانی کا اظہار کیا تھا۔اس ویڈیو میں حکومت مخالف فوجیوں کوسرکاری فوجیوں کے اعضا کاٹتے بھی دکھایاگیاتھا۔دریں اثنا اسرائیل نے ہفتہ کو امریکا سے شکایت کی ہے کہ شام کے تین ٹینکوں نے گزشتہ روز جولان کی پہاڑیوںپرغیرفوجی قرار دیے گئے علاقے کی خلاف ورزی کی ہے۔
Load Next Story