بنگلہ دیش کی پاکستان سے بے مروتی کا سلسلہ جاری

بی سی بی نے انجری کا جوازتراشتے ہوئے مستفیض الرحمان کوپی ایس ایل میں شرکت سے روک دیا

بی سی بی نے انجری کا جوازتراشتے ہوئے مستفیض الرحمان کوپی ایس ایل میں شرکت سے روک دیا۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش کی پاکستان سے بے مروتی کا سلسلہ جاری ہے، ماضی میں کئی وعدہ خلافیاں کرنے والے بورڈ نے کندھے کی انجری کا جواز تراشتے ہوئے مستفیض الرحمان کو پی ایس ایل میں شرکت سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی جانب سے بار بار مثبت رویے کا اظہار کیے جانے کے جواب میں وعدہ خلافیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، پاکستانی ٹورز سے انکار، بگ تھری کے معاملے میں موقف سے پیچھے ہٹنے کے باوجود پی سی بی نے اپنے کرکٹرز کو بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شرکت کی اجازت دی، مگر بی سی بی نے پی ایس ایل کیلیے منتخب صرف 4 کھلاڑیوں میں سے بھی ایک مستفیض الرحمان کو ایونٹ کا حصہ بننے سے روک دیا ہے۔


شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم کراچی کنگز، تمیم اقبال پشاور زلمی کی نمائندگی کیلیے دبئی پہنچ چکے، مستفیض کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ انھیں کندھے کی انجری سے نجات پانے کیلیے 2ہفتے درکار ہوںگے، بی سی بی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس نے کہاکہ ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل پیسر کی فٹنس کے حوالے سے کوئی خطرہ مول نہیں لے سکتے،انھیں زرتلافی ادا کرنے کی کوشش کرینگے تاکہ دل میں کوئی ملال نہ رہے۔

دوسری جانب مستفیض نے بھی فیصلے پر سرتسلیم خم کرتے ہوئے کہاکہ بورڈ نے جو بھی کیا میرے فائدے کیلیے ہی ہوگا، فٹ اور کھیلنے کے قابل ہوا تو زندگی میں لیگز کھیلنے کے متعدد مواقع ملیں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مستفیض اب فٹ ہو چکے مگر بورڈ نے جان بوجھ کر انھیں پی ایس ایل کیلیے ریلیز نہیں کیا، وہ اپنی عمدہ بولنگ سے کم وقت میں مقبولیت حاصل کر چکے ہیں، پاکستان کے ایونٹ میں شائقین انھیں ایکشن میں دیکھ کر اچھا محسوس کرتے۔
Load Next Story