پاک فوج نے دفاع وطن کا حق ادا کردیا

دہشتگردی کے باعث پورا ملک ہی متاثر ہوا ہے لیکن سب سے زیادہ جانی ومالی نقصان صوبہ خیبرپختون خوا میں ہوا

پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب شروع کرکے دہشتگردوں کو نہ صرف مار بھگایا بلکہ ان کی محفوظ پناہ گاہیں بھی تباہ وبربادکردیں، فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
پاکستان ایک پرآشوب اورانتہائی مشکل دورسے گزررہا ہے، ایک دہائی سے زائد عرصہ ہوچلا ہے کہ ہم دہشتگردی کے خلاف مسلسل جنگ لڑ رہے ہیں، سیاسی اور دفاعی میدان میں ماضی میں جو غلطیاں ہم سے سرزد ہوئیں اس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے،دہشت گردوں نے ریاست کو کمزورکرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی تھی ، لیکن پاک فوج و دیگر سیکیورٹی اداروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دفاع وطن کا حق ادا کردیا ہے، گزشتہ روز پشاور میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا یہ کہنا انتہائی صائب محسوس ہوتا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے نکال باہرکر کے ریاستی رٹ بحال کردی ہے۔

گوکہ دہشتگردی کے باعث پورا ملک ہی متاثر ہوا ہے لیکن سب سے زیادہ جانی ومالی نقصان صوبہ خیبرپختون خوا میں ہوا، ایک وقت تھا کہ علاقہ غیر ، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں مقامی اور عالمی دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں تصورکی جاتی تھیں ، بطور بیس کیمپ دہشتگرد ان کو استعمال کرتے تھے، اور ملک کے کسی بھی حصے میں واردات کرنے کے بعد واپس انتہائی محفوظ پناہ گاہوں میں آ جاتے تھے، صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کو بموں سے اڑانے کا سلسلہ جاری تھا، بہت سے علاقوں کا کنٹرول سول انتظامیہ کے بجائے دہشتگرد گروہوں کے ہاتھوں میں چلا گیا تھا،ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ریاست کمزور اور بے بس ہوچکی ہے ۔


لیکن پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب شروع کرکے دہشتگردوں کو نہ صرف مار بھگایا بلکہ ان کی محفوظ پناہ گاہیں بھی تباہ وبربادکردیں ۔دہشتگردوں کے خلاف فوجی آپریشنز کے نتیجے میں لاکھوں افراد کو اپنے گھربارچھوڑکر ہجرت کرنا پڑی لیکن انھوں نے یہ سب کچھ وطن عزیز کے دفاع کی خاطر خندہ پیشانی سے قبول کیا ۔اسی تناظر میں جنرل راحیل شریف نے فاٹا اورخیبر پختونخوا کے عوام کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دینے اور جرأت کا مظاہرہ کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ فاٹا اور اس صوبے کے عوام دہشت گردوں کے مظالم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے،انھیں پیچھے دھکیلا اور معاشرے میں انھیں الگ تھلگ کردیا۔

ہم آپریشن کے سب سے مشکل مرحلے میں ہیں جوکہ جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر، نقل مکانی کرنے والے عوام کی دوبارہ سے آبادکاری اورایک ایسے انتظامی سسٹم کو قائم کرنے کا ہے جوعوام کی ضروریات اورخواہشات کے مطابق کام کرے۔ پاک فوج کے سربراہ نے انتہائی مدلل انداز میں پورا منظرنامہ قوم کے سامنے رکھ دیا ہے ۔ دنیا کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی کسی قوم پرکڑا وقت آیا تو اس نے پامردی سے اس کا سامنا کیا ۔ دہشتگردی کا خاتمہ انشاء اللہ جلد ہوگا کیونکہ پاک فوج کی پشت پر پوری پاکستانی قوم کھڑی ہے۔
Load Next Story