ورلڈ ٹی20 ویسٹ انڈین کرکٹرز نے ہڑتال کی دھمکی دیدی

کھلاڑیوں کا معاوضے میں اضافے کا مطالبہ، بورڈکا پلیئرزکی بلیک میلنگ میں آنے سے صاف انکار

اتوارتک معاہدے پردستخط نہ کرنے والے باہرہونگے،بی ٹیم کوبھی بھیج سکتے ہیں، آفیشل فوٹو: اے ایف پی/فائل

ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے قبل ویسٹ انڈین بورڈ اور پلیئرز میں پھر تنازع کھڑا ہوگیا، سینئر کرکٹرز نے میگا ایونٹ کیلیے معاوضے میں اضافہ نہ کرنے کی صورت میں ہڑتال کی دھمکی دے دی.

تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 کپتان ڈیرن سیمی نے بورڈ کو لکھے گئے دو خطوط میں واضح کیا کہ ورلڈ ایونٹ میں شرکت کی خاطر جو معاوضہ طے کیا گیا وہ پلیئرز کو قبول نہیں، ہم ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں لیکن معاوضے میں کٹوتی برداشت نہیں کرسکتے، گذشتہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے مقابلے میں معاوضوں میں 80 فیصد کٹوتی کی گئی۔


اس بار جو فنانشل ٹرمز دی گئیں ان کے تحت کھلاڑیوں کو فی کس صرف 21 ہزار ڈالر ملیں گے جبکہ گذشتہ عالمی ایونٹ میں یہ رقم فی کس ایک لاکھ 35 ہزار ڈالر تھی، اسی طرح پہلے انعامی رقم پر مکمل طور پر پلیئرز کا حق ہوتا تھا لیکن اس بار بورڈ نے 20 فیصد اپنا حصہ شامل کرلیا جو درست نہیں۔ ڈیرن سیمی نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کی ٹیم پلیئرز ایسوسی ایشن کو اپنا نمائندہ نہیں مانتی اور اس کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی پابند نہیں ہے۔

دوسری جانب بورڈ چیف ایگزیکٹیو مائیکل میورہیڈ کا کہنا ہے کہ جو بھی کھلاڑی 14 فروری تک موجودہ کنٹریکٹ کو قبول نہیں کرے گا اسے منتخب ہی نہیں کرینگے،اگر سینئر پلیئرز کھیلنے کو تیار نہیں تو بی ٹیم میدان میں اتاری جائیگی کیونکہ ہم میگا ایونٹ میں ہر صورت حصہ لینگے۔

میور ہیڈ نے واضح کیا کہ کھلاڑیوں کیساتھ 9 ماہ قبل جو معاہدہ طے پایا تھا اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، جب پلیئرز کے ساتھ بات چیت ہورہی تھی تو پانچ موجودہ کھلاڑی بھی اس کاحصہ اور انھوں نے معاوضوں کے طریقہ کار پر اتفاق کیا تھا، کرکٹرز کیلیے بہتر یہی ہے کہ وہ موجودہ کنٹریکٹ کو ہی قبول کریں، اس کیساتھ انھیں اسپانسر شپ میں حصہ سمیت دیگر بھی کئی فوائد حاصل ہوں گے۔
Load Next Story