ادویہ کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافے پرشدید تنقید

ملٹی نیشنلز نے نرخ بڑھانے کے لیے مارکیٹ میں ادویہ کی مصنوعی قلت پیدا کی، اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کو فوری تحلیل کیا جائے، اسمال ٹریڈرز فوٹو : فائل

اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ کئی کثیر قومی فارما سیوٹیکل کمپنیوں نے ارباب اختیار کی ملی بھگت سے جان بچانے والی اور عام ادویہ کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے جو غریب عوام پر ظلم ہے، بھاری منافع کمانے والی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافہ بلاجواز ہے جس کی اجازت نہیں دینگے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی قانون نافذ نہیں کر سکتی تو اس ادارے کو بند کر دیا جائے۔


رشید بٹ نے تاجروں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارما مافیا نے عوام کو لوٹنے کیلیے مارکیٹ میں ادویہ کی مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، پیسہ بٹورنے کیلیے عوام کا استحصال بند کیا جائے، ساری دنیا میں تیل اور خام مال کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں جس سے پیداواری لاگت کم ہوئی ہے مگر پاکستان میں گنگا الٹی بہہ رہی ہے جس کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

بعض کمپنیاں مارکیٹ سے اپنا اسٹاک اٹھا کر نئی قیمت پر بیچ رہی ہیں جو ظلم اور لاقانونیت کی انتہا ہے جس پر وزارت صحت کی خاموشی معنیٰ خیز ہے، فارما مافیا نے 2013 میں بھی بغیر کسی منظوری کے قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا جبکہ معنیٰ خیر کارروائی نہ ہونے پر ان کا حوصلہ بڑھ گیا ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کو فوری تحلیل کیا جائے، جن کمپنیوں نے ادویہ کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ان میں سے ایک کے سابق ڈائریکٹر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں جس کی تحقیقات کی جائیں۔
Load Next Story