ویسٹ انڈیز کی ٹائٹل فتح بچوں نے بڑوں کو تقلید پر مجبورکردیا

انڈر19 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو گیل، سیمی، جیسن ہولڈر اورکوہلی کی مبارکباد

انڈر19 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو گیل، سیمی، جیسن ہولڈر اورکوہلی کی مبارکباد۔ فوٹو: گیٹی امیجز

ویسٹ انڈیز کی انڈر19 ٹیم نے ورلڈ کپ جیت کر اپنے سینئرز کو تقلید کرنے پر مجبور کردیا۔


کیریبیئن جزائر کی شاندار کامیابی پر ویسٹ انڈین سینئر ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر سمیت کئی کرکٹرز نے پیغامات میں ان کی حوصلہ افزائی کی ہے، واضح رہے کہ آئندہ ماہ بھارت میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 شیڈول ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں فاسٹ بولر اور ٹیسٹ کپتان جیسن ہولڈر نے کہا کہ نوجوانوں نے ہمارے لیے راہ متعین کردی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں ان کی تقلید کرنا ہوگی۔

ویسٹ انڈیز کی خاتون کرکٹر میریسا اگیوریلا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ بھارت کیخلاف ہماری جونیئر ٹیم کی شاندار فتح پر میں کپتان ہیٹمائر اور ان کے تمام پلیئرز کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، ہمیں ان پر فخر ہے، میں خطے کی کرکٹ بہتر ہونے کیلیے بھی دعاگو ہوں، ڈیرن سیمی ، اسپنر سلیمان بین، اور ٹینو بیسٹ نے بھی انڈر19 ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے ان کے بہتر مستقبل کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، اسٹار آل راؤنڈر کرس گیل نے بھی جونیئرز کرکٹرز کی ستائش کی ہے، دوسری جانب بھارتی اسٹار ویرات کوہلی نے بھی اپنی جونیئر ٹیم کی ہارسے قطع نظر ویسٹ انڈین پلیئرز کو ٹائٹل فتح پر مبارکباد پیش کی ہے۔
Load Next Story