ایشیا کپ کوالیفائر روحان نے افغانستان کے اوسان خطا کردیئے

یواے ای 16رنز سے فتحیاب، ہانگ کانگ کیخلاف اومان کامیاب، بابر کی سنچری بیکار

ایشیا کپ کوالیفائنگ: افغان بیٹسمین دوالت کو آئوٹ کرنے پر روحان مصطفی کو ساتھی پلیئرز کی شاباشی ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کوالیفائرزکے افتتاحی میچ میں روحان نے افغانستان کے اوسان خطاکردیے، یواے ای نے 16رنز سے فتح حاصل کرلی، اوپنر نے 50گیندوں پر 77کی اننگز کھیلنے کے بعد 3وکٹیں بھی اڑائیں۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں یواے ای نے فیورٹ افغانستان کو اپ سیٹ کرتے ہوئے 16رنز سے کامیابی سمیٹی، امارات کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، روحان مصطفٰی نے 50 گیندوں پر 77کی اننگز تراشی، اس دوران ان کی محمد کلیم کے ہمراہ 83رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی، شمیم انور11 رنز کا حصہ ڈالنے میں کامیاب ہوئے، بعد ازاں امجد جاوید4تک محدود رہے۔


محمد شہزادنے25اور عثمان مشتاق نے 23پر ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹیم کا ٹوٹل 4وکٹ پر 176رنز تک پہنچادیا، راشد خان3وکٹیں لے اڑے۔ جواب میں افغانستان نے37رنز کے سفر میں ہی 3وکٹ گنوادیے، محمد نبی نے کریم صادق کے ہمراہ اسکور 12 ویں اوور میں 84 تک پہنچایا لیکن 23پر ان کی اننگز تمام ہونے کے بعد وکٹوں کی جھڑی لگ گئی، کریم صادق 72کے اسکور پر میدان بدر ہوئے، نجیب اللہ زدران 21پر رن آئوٹ ہوئے، ٹیم 160 پر ڈھیر ہوئی تو اننگز کی صرف ایک گیند باقی تھی۔ روحان مصطفی نے 3 وکٹیں لیں ۔

دوسرے میچ میں اومان نے ہانگ کانگ کو 5رنز سے ہرادی۔ فاتح ٹیم نے ٹاس جیت کر اننگز کا اچھا آغاز کیا،ذیشان مقصود17کے بعد جتیندر سنگھ 42رنز بناکر آئوٹ ہوئے، وابھیو 14، عدنان الیاس23،عامر کلیم 19پویلین لوٹے تو اسکور 5وکٹ پر 130تھا، عامر علی 32اور مہران خان نے 28رنز کی ناقابل شکست اننگز کے دوران صرف 4اوورز میں 50رنز جوڑکر ٹوٹل 180 تک پہنچایا، ندیم احمد نے 3 شکار کیے، جواب میں بابرحیات نے صرف 60 گیندوں پر 122 رنز جڑدیے لیکن دوسرے اینڈ پر انشومین راتھ(11)، تنویر افضل( 10) اور اعزاز خان(15) ہی ان کا تھوڑی دیر ساتھ دے سکے،بابر آئوٹ ہوئے تو 2 گیندوں پر 10رنز درکار تھے لیکن اننگز 7وکٹ پر 175پر تمام ہوگئی۔
Load Next Story