پاکستان نے بھی ایران سے پابندیاں اٹھا لیں

ایران پر پابندیوں کے خاتمے کا پاکستان کو جو فوری فائدہ ہو گا وہ ایران کی گیس پائپ لائن کی تعمیر مکمل ہونے سے ہو گا

امریکا نے پاکستان کو ایران پائپ لائن لینے سے روکنے کے لیے متبادل طور پر ’’تاپی‘‘ کا منصوبہ تجویز کیا تھا، فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
ایرانی انقلاب کے بعد امریکا نے ایران پر نہ صرف خود پابندیاں لگائیں بلکہ اقوام متحدہ کے ذریعے دنیا بھر کے ممالک کی طرف سے بھی ایران پر پابندیاں لگوا کر اسے یکتا و تنہا کر دیا گیا لیکن ایرانی قوم کی داد دینا پڑتی ہے کہ انھوں نے ایک بہت طویل عرصہ تک نہایت استقامت کے ساتھ یہ کٹھن دور گزارا تاآنکہ امریکا، مغربی ممالک اور ایران میں مفاہمت ہو گئی اور ایران پر عائد پابندیاں اٹھا لی گئیں اور پاکستان نے بھی رسمی طور پابندیاں اٹھانے کا اعلان کر دیا۔

ایران پر سے پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد2231 کے تحت کیا گیا ہے جس کے لیے وزارت خارجہ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان اور ایران کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، بینکنگ، فنانس اور توانائی کے شعبوں میں تعلقات کھلے عام بحال ہو جائیں گے نیر ایران پر پابندیوں کے تمام پرانے نوٹیفیکیشنز منسوخ ہوگئے ہیں۔


ایران پر پابندیوں کے خاتمے کا پاکستان کو جو فوری فائدہ ہو گا وہ ایران کی گیس پائپ لائن کی تعمیر مکمل ہونے سے ہو گا جس کی اپنے حصے کی تعمیر ایران پہلے ہی مکمل کر چکا ہے جب کہ پاکستان بڑی طاقتوں کی ناراضی کے ڈر سے اس معاملے کو التوا میں ڈالے ہوئے تھا اور اب تو پاکستان کو اپنے حصے کی پائپ لائن تعمیر کرنے کے لیے عین ممکن ہے کہ قرضہ بھی مل جائے جس کے بعد پاکستان کے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں بہت مدد ملے گی۔

امریکا نے پاکستان کو ایران پائپ لائن لینے سے روکنے کے لیے متبادل طور پر ''تاپی'' کا منصوبہ تجویز کیا تھا جسکا مطلب تھا کہ تاجکستان سے پائپ لائن کے ذریعے براستہ افغانستان گیس لے کر آگے انڈیا کو پہنچائی جائے لیکن اس پیچیدہ منصوبے میں افغانستان کی دگرگوں حالات کو مد نظر نہیں رکھا گیا تھا۔ اب ایران پر پابندیاں ختم ہونے کے بعد پاک ایران تعلقات زیادہ وسعت پذیر ہوں گے۔
Load Next Story