جدہ میں کارروائی شراب تیار کرنیوالی بڑی بھٹی پکڑی گئی

5 افریقی گرفتار، شراب کی 400 بوتلیں بھی برآمد، دو ہزار لیٹر شراب اسٹور کی گئی تھی.

5 افریقی گرفتار، شراب کی 400 بوتلیں بھی برآمد، دو ہزار لیٹر شراب اسٹور کی گئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سعودی عرب کے مشرقی ساحلی شہر جدہ میں مذہبی پولیس (امر بالمعروف و نہی عن المنکر) نے شراب کی تیاری اور ترویج کی بڑی بھٹی پکڑی ہے ،جسے غیر ملکی تارکین وطن چلا رہے تھے۔


ملزمان نے بڑے بڑے برتنوں کو زمین میں دبا کر اس میں شراب اسٹور کر رکھی تھی۔ ایک عربی ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے سربراہ سعود العبیدی نے عربی اخبار الحیاۃ اخبار سے گفتگو میں کہا کہ مذہبی پولیس کے اہلکاروں نے جدہ کی السامر کالونی سے پانچ افریقی پاشندوں کو حراست میں لیا ہے، جو شراب کی تیاری اور اس کی جدہ میں فروخت کے دھندے میں ملوث تھے۔

ملزم شراب کی تیاری میں صاف اور گدلا پانی استعمال کرتے ،اسکے بعد وہ خصوصی مٹکوں میں اس مواد کو زمین کے اندر کئی دنوں کیلئے دبادیتے تھے۔ مذہبی پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ ہم نے بلدیہ کی مدد سے زمین میں دبائے گئے گھڑوں کو باہر نکالا ہے۔ 6 مٹکوں میں 2 ہزار لیٹر شراب اسٹور کی گئی تھی۔ چھاپے کے دوران حکام نے شراب کی چار سو تیار بوتلیں بھی برآمد کیں۔
Load Next Story