ٹی 20 سیریز جنوبی افریقا کا انگلینڈ کیخلاف کلین سوئپ

دوسرے میچ میں پروٹیز 9 وکٹ سے فتحیاب ، ڈی ویلیئرز اور ہاشم آملا کی نصف سنچریاں

دوسرے میچ میں پروٹیز 9 وکٹ سے فتحیاب ، ڈی ویلیئرز اور ہاشم آملا کی نصف سنچریاں۔ فوٹو: اے ایف پی

پروٹیز نے ٹوئنٹی 20 محاذ پر بھی انگلینڈ کو پسپا کردیا، دوسرے میچ میں 9 وکٹ کی شاندار فتح سے دو میچز کی سیریز میں کلین سوئپ مکمل ہوگیا، 172 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ گنوا کر 15 ویں اوور میں حاصل کرلیا، ابراہم ڈی ویلیئرز نے 71 رنز بنائے، ہاشم آملا 69 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ سیریز میں شکست کا بھرپور بدلہ چکاتے ہوئے انگلینڈ کو ون ڈے کے بعد اب ٹوئنٹی 20 سیریز میں بھی مات دے دی، مختصر ترین فارمیٹ میں پروٹیز نے مہمان سائیڈ کو فتح کا مزہ تک نہیں چکھنے دیا، دوسرے میچ میں 9 وکٹ کی کامیابی سے سیریز 2-0 سے اپنے نام کی۔


172 رنز ہدف کے تعاقب میں ابراہم ڈی ویلیئرز اور ہاشم آملا نے اپنی ٹیم کو 125 رنز کا اسٹینڈ صرف 8.2 اوورز میں ہی فراہم کرکے کامیابی کی امیدیں روشن کردیں، ڈی ویلیئرز 71 رنز پر عادل رشید کا شکار بن گئے، لانگ آن پر موجود جوئے روٹ نے آسان کیچ تھاما، ڈی ویلیئرز نے 29 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 6 چھکے اور اتنے ہی چوکے جڑے۔ آملا نے کھیل کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے کپتان فاف ڈوپلیسی کے ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹیم کو 14.4 اوورز میں فتح کی دہلیز پار کرادی، انھوں نے 38 بالز پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنائے، ڈو پلیسی 22 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے پہلے انگلینڈ کی ٹیم 19.4 اوورز میں 171 رنز پر آؤٹ ہوگئی، بٹلر نے 28 بالز پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے، کپتان ایون مورگن 38 اور جوئے روٹ 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آخری 6 کھلاڑی 5 رنز سے بھی آگے نہیں بڑھ پائے۔ کائیل ایبٹ نے 3 جبکہ ربادا اور مورس نے دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ڈی ویلیئرز مین آف دی میچ جبکہ عمران طاہر سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
Load Next Story